Aaj Logo

شائع 23 اگست 2022 05:00pm

پی اے سی نے ڈیم فنڈ پر جوابدہی کیلئے ثاقب نثار کو طلب کرلیا

پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) نے ڈیم فنڈ پر جوابدہی کے لئے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کو آئندہ اجلاس میں طلب کرلیا۔

نور عالم خان کی زیر صدارت پی اے سی اجلاس میں چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) آفتاب سلطان شریک ہوئے۔

اجلاس میں چیئرمین پی اے سی نے استفسار کیا کہ کمیٹی نے نیب افسران کے اثاثوں کی تفصیلات طلب کی تھیں، نیب سے کوئی چیز پوچھتے ہیں تو یہ لوگ عدالت چلے جاتے ہیں۔

چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب افسران مالیاتی اثاثے ظاہر کرتے ہیں لیکن وہ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں بند رہتے ہیں اور فائلیں تب کھلتی ہیں جب کوئی انکوائری کرنی ہو۔

آفتاب سلطان نے کہا کہ جو سلوک باقی سول سرونٹس کے ساتھ ہوتا ہے وہ ہمارے ساتھ بھی کریں جس پر نور عالم نے جواب دیا کہ نیب ایک سول ادارہ ہے کوئی حساس ادارہ نہیں۔

اجلاس کے دوران پی اے سی نے رجسٹرار سپریم کورٹ کو ڈیم فنڈز پر بریفنگ کے لئے جب کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کو جوابدہی کے لئے بھی طلب کرلیا۔

برجیس طاہر کا کہنا تھا کہ ڈیم فنڈ سے متعلق اشتہارات پر 14 ارب خرچ اور 9 ارب اکٹھے ہوئے، بتایا جائے ڈیم فنڈ ڈیمز پر استعمال کیوں نہیں ہورہا۔

Read Comments