Aaj Logo

شائع 26 اگست 2022 11:13am

مریم نواز، رانا ثنا اللہ اور فضل الرحمان کے خلاف توہین عدالت کی درخواست خارج

اسلام آباد ہائی کورٹ نے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز، وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ، جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور دیگر کے خلاف توہین عدالت کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کر دی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے مریم نواز، رانا ثنا اللہ، مولانا فضل الرحمان اور دیگر کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت سماعت کی۔

مقامی وکیل علی اعجاز بٹر نے توہین عدالت کی کارروائی کی استدعا کی تو عدالت نے پوچھا کہ آپ کی پٹیشن ہے کیا ؟۔

جس پر وکیل نے بتایا کہ ان رہنماؤں کی جانب سے سوشل میڈیا پر عدلیہ مخالف مختلف بیانات دئیے گئے۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیئے کہ کیا اس ہائی کورٹ سے متعلق کوئی ذکر ہے ؟ آپ سپریم کورٹ اور لاہور ہائیکورٹ کے پاس جائیں جن سے متعلق آپ کہہ رہے ہیں۔

فاضل جج نے پوچھا کہ درخواست گزار لاہور کا ہے، اس کو یہ ہی جگہ کیوں پسند ہے، درخواست گزار کو کہیں کہ لاہور میں بھی عدالتیں ہیں، جس وقت یہ بیانات دیے گئے اس وقت کسی کے کان پر جوں نہیں رینگی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے توہین عدالت کے معاملے پر متعلقہ فورم نہ ہونے کا رجسٹرار آفس کا اعتراض برقرار رکھتے ہوئے درخواست ناقابل سماعت دے کر خارج کر دی۔

Read Comments