‘آئی ایم ایف کا قرضہ منظور ہوا ہے، کوئی جیک پاٹ نہیں لگا’

حکمران بھی ٹیلی تھون کرائیں تاکہ ان کی مقبولیت کاپتہ چل سکے، شیخ رشید
اپ ڈیٹ 30 اگست 2022 04:16pm

سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کی جانب سے ملنے والے قرض کی واپسی قوم نے کرنی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کا قرضہ منظور ہواہے، کوئی جیک پاٹ نہیں لگا، 20 سے زیادہ مرتبہ لیے جانے والے قرض پر جسے اس قوم نے ادا کرنا ہے، وزراء شادیانے بجارہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پانی کا ریلہ سڑکوں سے گزرنے کے بعد عوام کا ریلہ سڑکوں پر آئے گا، کروڑوں افراد کی بقاء کی جنگ میں سیاست دان ابھی بھی دست وگریباں ہیں، ستمبرستمگرہوگا۔

ایک ٹویٹ میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ بھارت سے تجارت شروع کرنے کے بعد اب یہ اسرائیل کی طرف بڑھیں گے۔

سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ سفید پوش ہی نہیں، صاحب حیثیت بھی بجلی کے بل ادا نہیں کر پا رہا، سیلاب سے مری قوم آسمان کی طرف دیکھ رہی ہے، سیلاب کے بعد غذائی قلت اور وبائی بحران آئےگا، عمران خان کی طرح حکمران بھی ٹیلی تھون کرائیں تاکہ ان کی مقبولیت کاپتہ چل سکے۔

Read Comments