ایوارڈ شو میں نئے روپ کے ساتھ جانی ڈیپ کی اچانک انٹری، مداح حیران

اداکار ایک خلا باز کے روپ میں اچانک نمودار ہوئے
شائع 30 اگست 2022 11:43pm

معروف امریکی اداکارجانی ڈیپ نے ایم ٹی وی ایوارڈ میں شرکت کر کے سب کو حیران کر دیا۔

اتوار کے روز ایم ٹی وی کے ویڈیو میوزک ایوارڈز میں پائریٹس آف دی کیریبین اسٹار جانی ڈیپ نے ایک نئے انداز میں تقریب میں اچانک شرکت کر کے شرکا ءاور مداحوں کو حیران کر دیا تھا۔

جانی ڈیپ نے انسٹاگرام پر ایوارڈز کی تقریب میں اپنی انٹری کی ایک ویڈیو بھی شیئر کی ہے جس میں انہیں خلا باز کے روپ میں دیکھا جا سکتا ہے، مداحوں کو اداکار کا یہ لُک بےحد پسند آیا جس میں وہ اپنے لمبے بال چھوٹے کروا چکے ہیں جبکہ کلین شیو نظر آرہے ہیں۔

اداکار ایک خلا باز کے روپ میں اچانک نمودار ہوئے اور شو میں انٹری دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ‘میں یہاں اس لئے آیا ہوں کیونکہ مجھے کام کی تلاش ہے’۔

اداکار کا کہنا تھا کہ ‘اگر کسی برتھ ڈے پارٹی، شادی کی تقریب یا اس طرح کی کسی بھی تقریب کے لیے کسی کو ان کی خدمات حاصل کرنی ہوں تو وہ دستیاب ہیں’۔

یاد رہے کہ اداکار جانی ڈیپ اپنی سابقہ ​​اہلیہ اداکارہ امبر ہرڈ کے خلاف ہتکِ عزت کا مقدمہ جیتنے کے بعد اب اپنے کیریئر کو دوبارہ مستحکم بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

Read Comments