ہرسپاہی اور جرنیل بہادر اور محبت وطن ہے،عمران خان کے بیان پرآصف زرداری کاسخت ردعمل

اداروں کو ایک شخص کی ہوس کی خاطرمتنازع نہیں بننے دیں گے
شائع 05 ستمبر 2022 01:44pm

سابق صدرآصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ ملک کا ہرسپاہی اورجرنیل بہادراورمحبت وطن ہے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے گزشتہ روز فیصل آباد جلسے سے خطاب پرردعمل ظاہر کرنے والے سابق صدر اور شریک چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی نے کہا کہ ساری قوم کو نظرآرہا ہے اِس قوم کا فتنہ کون ہے۔

آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ اس شخص نے ملک کو کمزورکرنے کا کہیں سے ٹھیکا لیا ہواہے لیکن یہ ہمارے جیتے جی نہیں ہوسکتا ۔

انہوں نے بیان میں کہا کہ اداروں کواس شخص کی ہوس کی خاطرمتنازع نہیں بننے دیں گے، ہر سپاہی اورجرنیل بہادراورمحبت وطن ہے، پوری قوم اس وقت سیلاب زدگان کے ساتھ کھڑی ہے اوریہ شخص جلسہ جلسہ کھیل رہا ہے۔

سابق صدر نے کہا کہ خیبرپختونخوا اورپنجاب میں بھی صرف وفاقی حکومت نظر آرہی ہے، یہاں کی صوبائی حکومتیں صرف جلسوں کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔

Read Comments