Aaj Logo

شائع 14 ستمبر 2022 09:04pm

ایف اے ٹی ایف ٹیم کا حالیہ دورہ پاکستان کامیاب قرار

پاکستان نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) ٹیم کے حالیہ دورہ پاکستان کو کامیاب قرار دے دیا۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی تکنیکی ٹیم نے حال ہی میں پاکستان کا دورہ کیا، فیٹف ٹیم نے تمام نکات پر ہر ادارے سے تفصیلی بات چیت کی، ہمارے نکتہ نظر سے ایف اے ٹی ایف ٹیم کا دورہ پاکستان کامیاب رہا۔

ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ دورےکا مقصد پاکستان کے ایف اے ٹی ایف سے متعلق عزم اور کارکردگی کا زمینی جائزہ لینا تھا، اس سلسلے میں ایف اے ٹی ایف اراکین کی تمام ملاقاتیں مثبت اور خوشگوار ماحول میں ہوئیں، اس دورے کے دوران تیار کردہ جائزہ رپورٹ آئندہ اجلاس میں پیش کی جائے گی۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق پاکستان جاری جائزہ امور کو منطقی انجام تک پہنچتا دیکھنا چاہتا ہے،پاکستان نے گزشتہ 4 سالوں میں متواتر انتھک کاوشوں سے دونوں جامع پلانز پر عملدرآمد کیا اور پاکستان مستقبل میں بھی اس حوالے سے اپنی کاوشیں جاری رکھے گا،اس کا وضح ثبوت جون 2022میں فیٹف کے دونوں ایکشن پلانز کو مکمل کرنا ہے۔

ترجمان دفترخارجہ نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان فیٹف کی40 میں سے 38 تجاویز پر عمل کر کے عملدرآمد کرنے والے ممالک میں سرفہرست بن گیاہے۔

Read Comments