Aaj Logo

شائع 17 ستمبر 2022 03:38pm

امپورٹڈ حکومت نے ملکی معیشت کو تباہی کے دہانے تک پہنچا دیا: عمر سرفراز چیمہ

مشیر اطلاعات پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ چار ماہ میں امپورٹڈ حکومت نے ملکی معیشت کو تباہی کے دہانے تک پہنچا دیا، اقتصادی سروے نے نااہل حکومت کی کارکردگی کا پول کھول دیا ہے۔

اپنے بیان میں مشیر اطلاعات پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کی مثبت رپورٹس مستحکم معیشت کی گواہ ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کا دور گزشتہ ستر برس میں معاشی ترقی کے حوالے سے بہترین دور تھا، آج تمام معاشی اشاریے تیزی سے تنزلی کا شکار ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی دور میں شرحِ نمو 6 فیصد تھی جو آج دو فیصد ہے، گذشتہ چار ماہ میں پٹرول 57 فیصد، ڈیزل 71 فیصد اور بجلی 125 فیصد مہنگی ہوئی- اشیائے خوردونوش 45 فیصد مہنگی ہونے سے غریب عوام کھانے کو ترس گئے ہیں۔

عمر سرفراز چیمہ کا مزید کہنا تھا کہ امپورٹڈ حکومت عوامی خدمت میں ڈھیر جبکہ این آر او لینے میں شیر نکلی۔

Read Comments