Aaj Logo

اپ ڈیٹ 18 ستمبر 2022 08:18pm

وزیر اعظم 23 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے

وزیر اعظم شہباز شریف 23 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے،جس میں وہ حالیہ سیلاب کی تباہ کاریوں اور درپیش چیلنجز کو عالمی فورم پر اجاگر کریں گے جبکہ ماحولیاتی تبدیلی سے پیدا ہونے والے خطرے سے اجتماعی طور پر نمٹنے کے لیے ٹھوس تجاویز کا خاکہ بھی پیش کریں گے۔

وزیر اعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی (یو این جی اے) کے 77ویں اجلاس میں شرکت کریں گے جو 19 سے 23 ستمبر تک نیویارک میں منعقد ہو گا۔

وزیر اعظم کے ہمراہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سمیت کابینہ کے دیگر اراکین اور اعلیٰ حکام بھی وفد میں شامل ہوں گےجبکہ شہباز شریف 23 ستمبر کو جنرل اسمبلی اجلاس سے خطاب بھی کریں گے۔

دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم اپنے خطاب کے دوران موسمیاتی تبدیلی اورسیلاب کی تباہ کاریوں سے دنیا کو آگاہ کریں گے اورموسمیاتی تبدیلی جیسے چیلنجز سے نمٹنے سے متعلق پائیدار تجاویز دنیا کے سامنے رکھیں گے ۔

شہباز شریف عالمی رہنماؤں کو مسئلہ کشمیر کی موجودہ صورتحال سمیت علاقائی اور عالمی مسائل پر پاکستان کے مؤقف اور نقطہ نظر سے آگاہ کریں گے ۔

وزیراعظم شہباز شریف اجلاس کے موقع پر گلوبل فوڈ اینڈ سیکیورٹی سمٹ میں شرکت کریں گے۔

شہباز شریف تحفظ خورک کے عالمی سربراہ اجلاس اور COP-27 پر عالمی رہنماؤں کے اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔

وزیراعظم اپنے دورے میں مختلف ممالک کے وزرائے اعظم ، جنرل اسمبلی کے صدر، یواین سیکرٹری جنرل کے علاوہ بین الاقوامی تنظیموں، عالمی مالیاتی اداروں اور فلاحی تنظیموں کے سربراہان سے ملاقاتیں کریں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف دورے کے دوران بین الاقوامی میڈیا سے بھی گفتگو کریں گے ۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری بھی اعلیٰ سطح پروگراموں میں شرکت کریں گےجبکہ وہ دیگر ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔

بلاول بھٹو میڈیا اور تھنک ٹینک کے ساتھ بات چیت کے علاوہ جی77 اور چین کے وزرائے خارجہ اور او آئی سی کے سالانہ اجلاسوں اور جموں و کشمیر پر او آئی سی رابطہ گروپ کے اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔

Read Comments