Aaj Logo

اپ ڈیٹ 24 ستمبر 2022 11:52am

ملالہ کی وزیراعظم شہبازشریف سے طالبان پردباؤ ڈالنے کی درخواست

عالمی نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی نے وزیراعظم شہبازشریف سے ملاقات میں افغان طالبات کیلئے پابندیوں سے متعلق طالبان پردباؤ ڈالنے کی درخواست کی ہے۔

ملالہ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77ویں اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک میں موجود وزیراعظم شہبازشریف سے ملاقات کی۔

ٹوئٹرپر اس ملاقات کا احوال بتانے والی ملالہ نے وزیراعظم سے افغان لڑکیوں کے اسکول جانے اورخواتین کو کام پرجانے کی اجازت سے متعلق طالبان پرمزید دباؤ ڈالنے کے لیے کہا۔

ملالہ یوسفزئی کا کہنا تھا کہ افغانستان واحد ملک ہے جہاں لڑکیوں کے سیکنڈری اسکول جانے پر پابندی ہے، پاکستان کو خواتین کے حقوق اور لڑکیوں کی تعلیم کے لیے کھڑا ہونا چاہیے۔

انہوں نے نے اپنے آبائی شہرسوات اورصوبہ خیبرپختونخوا کے دیگرحصوں میں طالبان کے بڑھتے تسلط پربھی اپنی تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہ ہماری عوام مزید دہشت گردی اور نقل مکانی کا سامنا نہیں کرسکتی، انہیں تحفظ کی ضرورت ہے۔

ملالہ نے کہا کہ انصاف کا حصول اورپُرامن رہائش ہرپاکستانی کا حق ہے۔

وزیراعظم شہبازشریف سے ملاقات میں ملالہ نے پاکستان میں سیلاب متاثرین کو درپیش مشکلات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

ملالہ کا کہنا تھا کہ ہم عالمی برادری سے مطالبہ کررہے ہیں کہ وہ پاکستان پرقرض کا دباؤ کم کرنے کے ساتھ اورامداد فراہم کریں۔

وزیراعظم شہبازشریف سے ملاقات کا احوال بتاتے ہوئے ملالہ نے مزید لکھا کہ سیلاب نے 10ہزاراسکول تباہ کر دیے، جس سے لاکھوں بچے تعلیم سے محروم ہوگئے ہیں، امداد میں ہنگامی طورپراسکولنگ سمیت خاص طور پر لڑکیوں کی تعلیم کے لیے بھی فنڈنگ ​​شامل ہونی چاہیے۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم نے تباہ کن مون سون کا سامنا کیا، پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے 10 سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں شامل ہے۔

Read Comments