Aaj Logo

شائع 27 ستمبر 2022 11:47am

فاسٹ بولر عثمان شنواری کے انتقال کی خبر، ’پہلے تصدیق کرلیا کریں‘

گزشتہ روز سوشل میڈیا پر ایک خبر اور اس سے منسلک ویڈیو کافی وائرل ہوئی، جس میں دعویٰ کیا گیا کہ کارپوریٹ لیگ کے دوران ایک کھلاڑی دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہوگیا۔

سوشل میڈیا پر گردش کرتی خبروں میں دعویٰ کیا گیا کہ جاں بحق کھلاڑی عثمان شنواری ہیں۔

دیکھتے ہی دیکھتے یہ خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی کہ قومی ٹیم کے فاسٹ بولر عثمان شنواری ہارٹ اٹیک سے انتقال کر گئے ہیں، جس کے بعد سوشل میڈیا پر اظہار افسوس پر مبنی کمنٹس اور ٹوئٹس کی بھرمار ہوگئی، جبکہ لیفٹ آرم فاسٹ بولر کے گھر تعزیتی فون کالز کا تانتا بندھ گیا۔

خبر جب گھومتے گھومتے خود عثمان شنواری تک پہنچی تو انہوں نے اس کی تردید کی۔

عثمان نے لکھا، ”میں بالکل ٹھیک ہوں، اللہ کا شکر ہے میری پوری فیملی کو لوگ فون کالز کر رہے ہیں، میں بڑے احترام کے ساتھ ان سے درخواست کرتا ہوں کہ اتنی بڑی خبر کی پہلے تصدیق کرلیا کریں۔ شکریہ“

خیال رہے کہ برجر پینٹس اور فرائزلینڈ کے درمیان کھیلے گئے میچ کے دوران کھلاڑی کے انتقال کا واقعہ پیش آیا تھا۔

فیلڈنگ کے دوران ایک کھلاڑی اچانک زمین پر گیا، ساتھی کھلاڑیوں نے انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا۔

عثمان شنواری کی تردی کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف ردعمل دیکھنے کو ملا۔

ذبیح اللہ نامی صارف نے انتقال کر جانے والے کھلاڑی کی اصل تصویر شئیر کی، تاکہ وضاحت ہوسکے۔

ایک صارف نے میم شئیر کی، جس میں لکھا تھا ”ابھی ہم زندہ ہیں۔“

Read Comments