Aaj Logo

شائع 04 اکتوبر 2022 10:51am

منی لانڈرنگ ریفرنس: وزیراعظم کی مستقل حاضری معافی کی درخواست منظور

منی لانڈرنگ ریفرنس میں وزیراعظم کو عدالت سے بڑا ریلیف مل گیا، احتساب عدالت نے شہباز شریف کی مستقل حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی۔

لاہور کی احتساب عدالت کے جج قمر الزماں نے منی لانڈرنگ ریفرنس میں وزیراعظم شہباز شریف اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی مستقل حاضری معافی کی درخواست پر سماعت کی۔

تاہم ملزمان آج بھی عدالت میں پیش نہ ہوسکے اور دونوں کی جانب سے مستقل حاضری معافی کی درخواست احتساب عدالت میں جمع کرائی گئی۔

وکلا کی جانب سے جمع کرائی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ وزیراعظم شہباز شریف اہم ملکی امور میں مصروفیات کے باعث پیش نہیں ہوسکیں گے جبکہ حمزہ شہباز کمر میں تکلیف کے باعث عدالت نہیں آسکتے لہذا عدالت ان کی حاضری معافی کی درخواستیں قبول کرے۔

عدالت نے وزیراعظم کی مستقل حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی اور شہباز شریف کو عدالت میں پیشی کے لئے اپنا نمائندہ مقرر کرنے کی اجازت دے دی ۔

احتساب عدالت نے حمزہ شہبازکی مستقل حاضری معافی کی درخواست پرنیب سےجواب طلب کرتے ہوئے ان کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی۔

احتساب عدالت نے آئندہ سماعت پر نیب کے گواہان کو بیانات کے لئے طلب کرتےہوئے منی لانڈرنگ کیس کی سماعت 25 اکتوبر تک ملتوی کردی۔

Read Comments