Aaj Logo

شائع 09 اکتوبر 2022 12:18pm

مجھ سے انتقام لینے کے لئے پاکستان کا بھٹہ بٹھادیا گیا، نواز شریف

مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف نے کہا کہ مجھ سے انتقام لینے کے لئے پاکستان کا بھٹہ بٹھادیا گیا۔

سابق وزیراعظم نواز شریف نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ سمجھ نہیں آئی مجھ سے انتقام لیتے لیتے پاکستان کا بھٹہ بٹھادیا گیا، عمران خان کے دور میں ہر چیز مہنگی ہوگئی، میرے دورمیں عوام مطمئن اور خوش تھے۔

نواز شریف نے کہا کہ ہمیں 5 ارب ڈالر پیش کیے جارہے تھے مگر ہم نے اس پر کہا ایبسولوٹلی ناٹ کیونکہ پاکستان کی اپنی غیرت ہے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ کس نے آپ کو پاکستان سے انتقام لینے کے لیے کہا؟ پاکستان میں اترتے ہی ہمارے ساتھ جو حال کیا گیا وہ سب کے سامنے ہے تاہم بہادر بیٹی کی طرح مریم نواز نے باپ کا ساتھ دیا جس پر مجھے فخر ہے اور اللہ تعالی کا بڑا شکر ہے کہ آج مریم نواز میرے ساتھ ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ میری والدہ مجھ سے خصوصی پیار کرتی تھیں اور پنڈی جیل میں ہفتے میں ایک بار آکر ملتی تو کہتی تھیں میں نے تمہارے بغیر واپس نہیں جانا، ان سے کہا جاتا ایسا نہیں ہوسکتا تو کہتی تھیں پھر مجھے بھی ادھر ہی رکھ لو۔

نواز شریف نے کہا کہ شہباز شریف کو ہمیشہ گلا رہا آپ سے امی زیادہ پیار کرتی ہیں اور والدہ نے میرے ہاتھ میں جان دی، اس وقت میں تکیے پر بیٹھا ہوا تھا۔

یاد رہے کہ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اپنی بیٹی مریم نواز کے ہمراہ آج شام پریس کانفرنس کریں گے۔

Read Comments