رانا ثناء اللہ کے وارنٹس پر فریقین عدالت طلب

وارنٹ گرفتاری منسوخ اور ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا جائے، ن لیگی وکلاء
شائع 13 اکتوبر 2022 05:23pm

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کے وارنٹ گرفتاری معاملے پر عدالت نے فریقین کو دلائل دینے کے لئے 19 اکتوبر کو طلب کرلیا ہے۔

اینٹی کرپشن پنجاب کی جانب سے درج مقدمہ میں رانا ثناء اللہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کے خلاف درخواست پر راولپنڈی کی عدالت میں سینیئر سول جج غلام اکبر نے سماعت کی۔

ن لیگی وکلاء کی جانب سے عدالت میں دو روز بعد مزید ایک درخواست دائر کی گئی جس میں رانا ثناء اللہ کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کرنے کے عدالتی اختیار سے متعلق قانونی نکات شامل کیے گئے تھے۔

عدالت نے دونوں درخواستوں کو یکجا کرکے ان پر بحث کے لئے 19 اکتوبر کا دن مقرر کردیا۔

ن لیگی وکلاء نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ اینٹی کرپشن سے ریکارڈ ٹمپر اور حقائق چھپا کر وارنٹ گرفتاری حاصل کیے گئے ہیں لہذا وارنٹ گرفتاری منسوخ اور ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا جائے۔

Read Comments