Aaj Logo

اپ ڈیٹ 13 اکتوبر 2022 08:43pm

نوری آباد واقعہ، موٹر وے پولیس کی مدعیت میں مقدمہ درج

نوری آباد میں مسافر کوچ میں آتشزدگی کے معاملے پر مقدمہ درج کرلیا گیا۔

واقعے کا مقدمہ موٹروے پولیس کے سب انسپکٹر کی مدعیت میں درج کیا گیا ، جس میں کوچ کے مالک اور ڈرائیور عمران شیخ کو نامزد کردیا گیا ہے۔

مقدمے میں غفلت ، لاپرواہی اور لوگوں کے جھلس کر جاں بحق ہونے کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

اس سے قبل، نوری آباد کے قریب ایم نائن موٹر وے پر مسافر کوچ میں آگ لگنے سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 18 ہوگئی ہے جبکہ متعدد زخمی ہیں۔

افسوسناک واقعہ بس کے ایئرکنڈیشنگ سسٹم میں شارٹ سرکٹ ہونے کی وجہ سے پیش آیا۔

بس میں آگ لگنے کا واقعہ نوری آباد تھانے کے قریب پیش آیا، مسافر کوچ کراچی سے دادو جارہی تھی جس میں سوار تمام افراد سیلاب متاثرین تھے جن کا تعلق دادو کے شہر خیرپور ناتھن شاہ سے ہے۔

دوسری جانب نوری آباد موٹر وے کوچ حادثے میں جاں بحق ہونے والے 18 افراد کی اپنے آبائی گاؤں دوست محمد برگڑی میں تدفین کردی گئی۔

Read Comments