ٹی 20 ورلڈ کپ میں دوسرا بڑا اپ سیٹ، اسکاٹ لینڈ نے ویسٹ انڈیز کو ہرادیا

ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈین ٹیم مقررہ اوورز میں 118 رنز بناسکی
شائع 17 اکتوبر 2022 01:54pm

آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کے پہلے مرحلے کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں دوسرا اپ سیٹ ہوا ہے جہاں اسکاٹ لینڈ نے ویسٹ انڈیز کو 42 رنز سے شکست دے دی۔

آسٹریلیا کے شہر ہوبارٹ میں کھیلے جارہے میچ میں ویسٹ انڈیز کے کپتان نکولس پوران نے ٹاس جیت کراسکاٹ لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

اسکاٹ لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز اسکور کیے۔

اسکاٹ لینڈ کے اوپنرز کی جانب سے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا گیا، اوپنر جارج منسی 66 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے جبکہ کیلم میک لیوڈ نے 23 اور مائیکل جونز نے 20 رنز بنائے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سےالزاری جوزف اور جیسن ہولڈر نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ بارش کے باعث میچ کچھ دیر کے لیے رکا بھی رہا۔

اسکاٹ لینڈ کے 161 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈین ٹیم مقررہ 20 اوورز صرف 118 رنز بنا سکی جبکہ اس کے تمام کھلاڑی آؤٹ ہوگئے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیسن ہولڈر نے 38، کائل مایرز نے 20 اور برینڈن کنگ نے 17 رنزاسکور کیے۔

اسکاٹ لینڈ کی جانب سے مارک واٹ نے 3، بریڈ وہیل اور مائیکل لیسک نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔گزشتہ روز ایونٹ کے افتتاحی میچ میں نمیبیا نے سری لنکا کو 55 رنز سے شکست دے کر بڑا اپ سیٹ کیا تھا۔

آسٹریلیا کے شہر ہوبارٹ میں آج دوسرا میچ زمبابوے اور آئرلینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پہلے مرحلے میں کوالیفائنگ میچز کھیلے جارہے ہیں، ٹورنامنٹ کے لیے کُل 8 ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔

پہلے مرحلے کے اختتام پر چار ٹیمیں مین راؤنڈ سپر 12 کے لیے کوالیفائی کریں گی، سپر 12 راؤنڈ کا آغاز 22 اکتوبر سے ہو گا۔

پہلے راؤنڈ میں نمیبیا، نیدر لینڈز، سری لنکا اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) گروپ اے جب کہ آئر لینڈ، زمبابوے، ویسٹ انڈیز اور اسکاٹ لینڈ گروپ بی میں شامل ہیں۔

Read Comments