دی لیجنڈ آف مولا جٹ، صرف چند سینما گھروں میں کیوں دکھائی جارہی ہے؟

فلم کی نمائش کراچی کے ایٹریئم اور کیپری سینما جبکہ لاہور کے کیو سینما میں کی جا رہی ہے
شائع 17 اکتوبر 2022 09:51pm

فلم دی لیجنڈ آف مولاجٹ پاکستان سمیت دنیا بھر میں زبردست پذیرائی حاصل کررہی ہے فلم نے 3 دنوں میں 19 کروڑ سے زائد کا بزنس کرکے ریکارڈ قائم کردیا ہے ۔

فلم کو بڑے پیمانے پر دنیا بھر کے کئی ممالک میں ریلیز کیا گیا ہے اور ریلیز کے پہلے ہی دن فلم نے مقامی اور بین الاقوامی باکس آفس پر اچھے بزنس کا آغاز کیا۔

دوسری جانب دی لیجنڈ آف مولا جٹ بین الاقوامی ویب سائٹ آئی ایم ڈی بی پر 9.5 ریٹنگ کے ساتھ پاکستان کی سب سے مقبول ترین فلم بھی بن گئی ہے۔

لیکن جس چیز نے سینما شائقین کو حیرت میں ڈال دیا وہ یہ ہے کہ بڑے بجٹ بڑے کاسٹ سے بننے والی صرف مٹھی بھر تھیٹروں میں دکھائی جا رہی ہے جبکہ 70 فیصد سینما گھروں میں فلم ”دی لیجنڈ آف مولا جٹ“ دکھائی ہی نہیں جا رہی۔

فلم کی نمائش کراچی کے ایٹریئم اور کیپری سینما گھروں میں جاری ہے جبکہ لاہور کے صرف کیو سینما میں فلم دکھائی جارہے ان کے علاوہ یہ فلم سینما گھروں کی بڑی چین یعنی نیوپلکس اور سینی پیکس سمیت بڑے ملٹی پلیکس سے غائب ہے جس کے باعث سوشل میڈیا پر فنکاروں سمیت عوام سینما مالکان پر شدید تنقید کی ۔

ایسے میں آج نیوپلکس کی انتظامیہ نے ایک وضاحتی بیان جاری کیا، جس میں انہوں نے بتایا کہ وہ دی لیجنڈ آف مولا جٹ کی اسکریننگ کیوں نہیں کررہے ہیں۔

اپنے بیان میں نیوپلکس نے کہا کہ انہوں نے فلم کی نمائش نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ فلم دی لیجنڈ آف مولا کے ڈسٹری بیوٹر ادائیگی کے لیے کہہ رہے تھے جو انڈسٹری کے اصولوں سے مختلف ہے۔

اس معاملے پر اداکار سید جبران نے پہلے ہی اپنی ٹوئٹس میں فلم کی کم اسکرینز پر نمائش اور اس کے مہنگے ٹکٹس پر شکوہ کرچکے ہیں انہوں نے کہا تھا کہ فلم کی ٹیم کو ڈسٹری بیوشن کے ساتھ مل کر معاملات طے کرنے چاہیے۔

دوسری جانب فلم دی لیجنڈ آف مولاجٹ کی سوشل میڈیا ٹیم نے فلم کی ویڈیو ریکارڈنگ کرکے سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے والے سوشل میڈیا صارفین کو سخت قانونی کارروائی کا انتباہ جاری کردیا۔

فلم دی لیجنڈ آف مولاجٹ کے ٹوئٹر ہینڈل پرجاری کردہ انتباہی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ فلم کی مووی ریکارڈنگ اور وڈیوزسوشل میڈیا اور چینلز پر اپ لوڈ کرنے والوں کیخلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

اس سے قبل دی لیجنڈ آف مولاجٹ کی پروڈیوسر عمارہ حکمت نے اپنے ٹوئٹ میں فلم بینوں سے اپیل کی تھی کہ برائے مہربانی فلم کا کوئی کلپ سوشل میڈیا یا یوٹیوب پر شیئرنہ کریں۔آپ نہ صرف دوسروں کے فلم کے تجربے کو برباد کررہے ہیں بلکہ فلم کے ممکنہ کاروبار کو بھی نقصان پہنچا رہے ہیں۔

Read Comments