Aaj Logo

شائع 18 اکتوبر 2022 01:17pm

بیرسٹر فہد ملک قتل کیس: عدالت نے محفوظ فیصلہ سنا دیا

اسلام آباد کی مقامی عدالت نے بیرسٹر فہد ملک قتل کیس کے تینوں ملزمان کو عمر قید کی سزا سنا دی۔ سیشن جج عطاء ربانی نے چھ سال اور 7 ہفتوں بعد کیس کا فیصلہ سنایا۔

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے جج عطاء ربانی نے کیس کی سماعت کی، اس دوران ملزمان کو عدالت میں پیش کیا گیا۔

عدالت نے بیرسٹر فہد ملک قتل کیس کا محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے مقدمے میں نامزد تینوں ملزمان راجہ ارشد، نعمان کھوکھر اور ہاشم کو عمر قید کی سزا سنائی۔

مجرمان نے 2016 میں 14 اور 15 اگست کی درمیانی شب بیرسٹر فہد ملک کو اسلام آباد میں قتل کیا تھا، جس کے بعد چار چشم دید گواہان نے کیس میں نامزد تینوں ملزمان کے خلاف بیان دیا تھا۔

کیس کی فارنزک رپورٹ میں قتل میں استعمال کی گئی کلاشنکوف اور جائے وقوعہ سے ملے خول بھی میچ کر لئے گئے تھے، جب کہ کیس کے مرکزی ملزم راجہ ارشد کو ملک سے فرار کی کوشش میں طورخم بارڈر سے گرفتار کیا گیا تھا۔

Read Comments