Aaj Logo

شائع 23 اکتوبر 2022 09:29am

جمہوریت اور پاکستان سے بڑھ کر کچھ بھی عزیز نہیں، بلاول بھٹو

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وفاقی وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مادرِ جمہوریت بیگم نصرت بھٹو نے ہمیں سکھایا ہے کہ برداشت اور صبر سے بڑی کوئی جراَت نہیں، ظلم کے اندھیروں میں آوازِ حق بلند کرنے سے زیادہ کوئی اطمینان نہیں اور جمہوریت اور پاکستان سے بڑھ کر کچھ بھی عزیز نہیں۔

میڈیا سیل بلاول ہاوَس کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق بلاول بھٹو نے بیگم نصرت بھٹو کی 11ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں مادرِجمہوریت کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ جمہوریت پسندوں کے لئے ہمت، عزم اور استقلال کا منارہِ نور تھیں۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ بیگم نصرت بھٹو اور ان کے اہلخانہ کے تذکرے کے بغیر پاکستان کی سیاسی تاریخ نامکمل ہوگی۔

بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ مادرِ جمہوریت نے ظلم و جبر کا مقابلہ کیا، ذاتی سانحات برداشت کیے اور اپنے غم کو طاقت میں تبدیل کرکے عوامی حقوق کی حفاظت کی۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پارٹی قیادت اور جیالے مادرِ جمہوریت کو صرف آج کے دن نہیں، ہر روز یاد کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بیگم نصرت بھٹو کا کردار، جدوجہد اور قربانیاں ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے۔

Read Comments