Aaj Logo

شائع 25 اکتوبر 2022 10:22pm

عام آدمی کا معیار زندگی بہتر بنانے کیلئے اقدامات کرنا ہوں گے: وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے معیار زندگی بہتر بنایا جا سکتا ہے۔

ریاض میں فیوچر انوسمنٹ انیشیٹو سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ آج کا یہ فورم بڑی اہمیت کا حامل ہے، مستقبل کے حوالے سے سعودی قیادت کا وژن لائق تحسین ہے۔

انہوں نے کہا کہ سماجی و معاشی ترقی کے لئے خواتین کا با اختیار ہونا ضروری ہے، ہمیں بہتر مستقبل کے لئے مل کر کام کرنا ہوگا اور عام آدمی کا معیار زندگی بہتر بنانے کے لئے اقدامات کرنا ہوں گے، البتہ جدید ٹیکنالوجی کو ذریعے معیار زندگی بہتر بنایا جا سکتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ عالمی معیشت کو درپیش چیلنجز سے متعلق لائحہ عمل اہم ہے، معیشت کی بہتری کے لئے ای کامرس کا فروغ ضروری جب کہ خواتین کو بھی مردوں کے شانہ بشانہ کام کرنا ہوگا۔

شہباز شریف نے کہا کہ ہم نے صحت اورتعلیم میں ٹیکنالوجی کو متعارف کرانے کے لئے اقدامات کیے، پاکستان کی آبادی کا بڑا حصہ نوجوان طبقے پر مشتمل جنہیں جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنا وقت کی ضرورت ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے پنجاب میں شمسی توانائی کا منصوبہ لگایا جس سے 10 ہزار میگا واٹ بجلی کے حصول کے لئے پُر اُمید ہیں، حکومت نجی شعبے کی حوصلہ افزائی کے لئے اقدامات کررہی ہے کیونکہ ہمیں فضائی آلودگی کے خاتمے کے لئے ماحول دوست توانائی ذرائع اپنانا ہوں گے۔

Read Comments