Aaj Logo

شائع 27 اکتوبر 2022 06:38pm

سائفر تحقیقات، ایف آئی اے نے سابق سیکریٹری خارجہ کو طلب کرلیا

سفارتی سائفر تحقیقات کے معاملے پر وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے سابق سیکریٹری خارجہ سہیل محمود کو انکوائری کیلئے کل طلب کرلیا۔

ذرائع کے مطابق طلبی کے لیے جاری نوٹس میں سہیل محمود کو کل ایف آئی اے کاؤنٹر ٹیررازم ونگ ہیڈ کواٹر میں انکوائری ٹیم کے سامنے پیش ہونے کا کہا گیا ہے جب کہ سابق سیکریٹری ٹو پرائم منسٹر محمد اعظم کو بھی 28 اکتوبر کے لیے ہی دوبارہ طلبی کا دوسرا نوٹس جاری کیا گیا ہے۔

اس سے قبل اعظم خان کو 25 اکتوبر کے لیے طلب کیا گیا تھا لیکن وہ پیش نہ ہوئے اور ان کی جانب سے ایف آئی اے کو پیغام پہنچایا گیا تھا کہ وہ فیملی کے ساتھ بیرون ملک ہیں تاہم اب ایف آئی اے نے اعظم خان کو طلبی کا دوسرا نوٹس بھی جاری کردیا۔

ایف آئی اے ذرائع کے مطابق ادارے میں سائفر و آڈیو لیکس پر وزارت داخلہ کی جانب سے ارسال کی جانے والے ریفرنس پرسابق وزیراعظم عمران خان، ان کے سیاسی عمائدین اور پرنسپل سیکریٹری کے حوالے سے انکوائری شروع کر رکھی ہے۔

وزارت داخلہ کے احکامات پر ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) ایف آئی اے نے رواں ماہ 5 اکتوبر کو سائفر و آڈیو لیکس کے حوالے سے تحقیقات کے لیے ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد زون رانا عبدالجبار کی سربراہی میں پانچ رکنی انکوائری ٹیم تشکیل دی تھی۔

پانچ رکنی انکوائری ٹیم کے ممبران میں ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے سائبر کرائم اسلام آباد، ڈپٹی ڈائریکٹر کاؤنٹر ٹیررازم ونگ، اسٹنٹ ڈائریکٹر آئی او اور ٹیم کے سربراہ کی طرف مقررکردہ آفیسر ممبران شامل ہیں جب کہ ٹیم میں 3 انٹیلی جنس ادروں سے گریڈ 19 کے ایک ایک آفیسر کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

Read Comments