شائع 31 اکتوبر 2022 03:44pm

فیکٹ چیک: کپتان نے ’عوام کے سمندر‘ کی پرانی تصویر ٹویٹ کر دی؟

حقیقی آزادی مارچ کے سفرپر رواں دواں چیئرمین پاکستان تحریک اںصاف عمران خان آج چوتھے روزمیں داخل ہوچکے ہیں، جی ٹی روڈ پررواں دواں اس قافلے کی تصویراور ویڈیو شیئرکرتے ہوئے انہوں نے ایک دعویٰ کیا۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کیپشن میں لکھا کہ جی ٹی روڈ پر مارچ کے ہمراہ عوام کا سمندر ہے۔ اس دعوے کے پیش نظر ان کی جانب سے شیئرکی جانے والی تصویر دیکھیں تو واقعتاً ایسا ہی لگتا ہے۔

ٹویٹ کا اگلا حصہ بھی دلچسپی سے خالی نہیں جس میں عمران خان نے لکھا کہ وہ 6 ماہ سے ملک میں ایک انقلاب کا مشاہدہ کررہے ہیں اورسوال صرف یہ ہے کہ آیا یہ بیلٹ باکس کےذریعے نرم ہوگا یا خونریزی کے ذریعے تباہ کن؟۔

اب بات کی جائے اس تصویر کی کہ کیا واقعی آزادی مارچ میں اتنا بڑا جم غفیر عمران خان کے ہمراہ ہے جو کہ بظاہر ٹی وی چینلزپر دکھائی جانے والی فوٹیجز ، حتیٰ کہ خود پی ٹی آئی رہنماؤں اور سپورٹرزکی جانب سے شیئرکردہ ویڈیوز اورتصاویرمیں بھی نظر نہیں آتا تو کیا آج واقعی اس مارچ میں اتنے لوگ شامل ہوچکے ہیں؟۔

پی ٹی آئی آفیشل اکاؤنٹس کا جائزہ لینے پر یہ بات سامنے آئی کہ یہی تصویر 9 ستمبرکو آفیشل ٹوئٹر ہینڈل سے شیئرکرتے ہوئے معنی خیز کیپشن میں لکھا گیا تھا کہ،“ عمران خان اکیلے نہیں، ان کے ساتھ لاکھوں ہیں اور سب کے سب ریاضی میں بھی اچھے ہیں ، اس لیے مائنس ون نامنظور“۔

اور شاید خود پی ٹی آئی کا آفیشل ٹوئٹراکاؤنٹ ہینڈل کرنے والوں نے یہ تصویر اپنے ہی ایک حامی اکاؤنٹ سے لی تھی، کپتان کا کھلاڑی نامی اس فیس بک اکاؤنٹ سے یہ تصویر 14 جولائی کو شیئرکی گئی تھی۔

اس لیے عمران خان کی جانب سے ”عوام کا سمندر“ اپنے ہمراہ ہونے کا دعویٰ درست نہیں۔

Read Comments