Aaj Logo

شائع 01 نومبر 2022 05:19pm

فیصل واوڈا نے پریس کانفرنس عمران خان کے کہنے پر کی: رانا ثنااللہ

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کا کہنا ہے کہ فیصل واوڈا کو خون ہی خون لاشیں ہی لاشیں اور جنازے ہی جنازے کے بیان پر ان کو پارٹی سے نکال دیا گیا، میں دعوی سے کہتا ہوں کہ یہ بھی انہوں نے ڈرامہ کیا ہے، وہ پریس کانفرنس ان پالیسی کے مطابق اور عمران خان کے کہنے پر ہوئی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ عمران خان نے کل مارشل لا کے حوالے جو بات کی ہے وہ قابل مذمت ہے، اس کی ہر کوئی مذمت کرتا ہے- یہ فتنہ ملک کو ڈی ریل کرنا چاہتا ہے، اگر ایسا ہوتا ہے اس کو کوئی قبول نہیں کرے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی عمران خان نیازی سے کسی لیول یا کسی جگہ پر کوئی بات نہیں ہو رہی ہے، اگر عمران خان سے مذاکرات ہو رہے ہوتے تو وہ اس قسم کی گفتگو کر رہا ہوتا جو آج کل کر رہا ہے؟

وفاقی وزیر رانا ثنااللہ نے کہا کہ عمران خان کا اپنا ذہن گمراہی کا شکار ہے، جسے دوسرے لفظوں میں یوٹرن کہا جاتا ہے، لانگ مارچ میں جو کہ دراصل فتنہ مارچ ہے، لاہور سے گوجرانولا تک 3 سے 4 ہزار لوگوں سے زیادہ نہیں تھے- ان سے کوئی پوچھے کہ بے شرم انسان 3 یا 4 آدمی جو ہیں یہ عوام کا سمندر ہے؟

وزیر داخلہ نے کہا کہ ہمیشہ میں نے اس چیز کو دہرایا ہے کہ جو جتھہ اسلام آباد پر حملہ آور ہوگا اس کو ہر طرح سے روکا جانا چاہیے، وزیراعظم کی ہدایات ہیں کہ جو فورسز اور پولیس اس فتنے کو روکنے کیلئے ہوگی ان کو ربڑ بلٹس اور ٹیئر گیس دیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ لانگ مارچ نہیں فتنہ اور فسادی مارچ ہے اور عملی طور پر یہ ناکام مارچ ہے، ان کا جو مقصد معلوم ہو رہا ہے کہ ابھی انہیں بندوقیں اکٹھی کرنے کیلئے تھوڑا ٹائم چاہیے، اس مقصد کیلئے ٹائم گین کر رہے ہیں، ایسی صورت میں فیڈرل لا انفورسمنٹ ایجنسیز کو ایسے کسی گروہ کو گرفتار کرنے کا آئینی اور قانونی حق ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان اب بھی فسادی ایجنڈے کو چھوڑ کر اس ملک کے آئین اور قانون کے تابع آکر دیگر سیاسی قووتوں کے ساتھ بیٹھے اور اپنی بدتمیزی پر معذرت کرے، پاکستان کو اس وقت اتفاق کی ضرورت ہے نہ کہ افراتفری کی ضرورت ہے۔

رانا ثنااللہ کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کبھی کہتا ہے کہ چوکیدار کی تنخواہ بند کرنی ہے، 10 منٹس بعد اسی چوکیدار کے پاؤں پڑتا ہے کہ خدا کے واسطے چوکیدار صاحب ہماری بات مان جائیں، یہ تمہارا حال ہے۔

Read Comments