Aaj Logo

شائع 04 نومبر 2022 09:20am

عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ، صدر اور وزیراعظم سمیت سیاسی رہنماؤں کی مذمت

صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعظم شہبا زشریف سمیت سیاسی رہنماؤں نے وزیرآباد میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت کی ہے۔

عمران خان پر حملے نے سیاسی حریفوں کو بھی ہلا کررکھ دیا، سیاسی میدان میں تنقید کرنے والے چیئرمین تحریک انصاف کی صحت کے لئے دعا گو ہیں۔

صدر مملکت عارف علوی نے پی ٹی آئی حقیقی آزادی مارچ پر حملہ افسوسناک، تشویشناک اور بزدلانہ قرار دے دیا۔

وزیراعظم شہبازشریف نے حقیقی آزادی مارچ میں فائرنگ کی مذمت کی اور واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔

وزیرداخلہ راناثناء نے واقعے پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور سیکیورٹی ایجنسیز سے حملے کی رپورٹ طلب کرلی ۔

وزیردفاع خواجہ آصف نے قومی اسمبلی میں آواز اٹھائی اور کہا کہ آزادی مارچ میں فائرنگ کے واقعے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، سیاست میں تشدد کا رجحان قوموں کو لے ڈوبتا ہے ۔

وزیرخارجہ بلاول بھٹو، سابق وزیراعظم نوازشریف اور مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے بھی واقعے کی مذمت کی اور عمران خان کے لئے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا ۔

سابق صدر آصف زرداری نے بھی فائرنگ کے واقعے کی مکمل تحقیقات کرانے کا مطالبہ کردیا ۔

پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے سیکیورٹی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی سے متعلق صوبائی حکومت کی کارکردگی سوالیہ نشان ہے ۔

پیپلزپارٹی رہنما یوسف رضا گیلانی نے عمران خان کی جلد صحتیابی کی دعا کی اور حملے میں ملوث افراد کو قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا۔

وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا ہے کہ سیاست میں تشدد کی کوئی گنجائش نہیں۔

Read Comments