حملہ ناکام بنانے والے ابتسام احمد کی عمران خان سے ملاقات
چیئرمین پی ٹی آئی پرحملہ کرنے والے ملزم کا بروقت ہاتھ پکڑ کراسے ناکام بنانے والے کارکن ابتسام احمد نے عمران خان سے ملاقات کی ہے۔
یہ ملاقات لاہور کے شوکت خانم اسپتال کے اس کمرے میں ہوئی جہاں عمران خان زیرعلاج ہیں، ابتسام نے عمران خان سےاسی شرٹ پر آٹوگراف لیا جو اس نے واقعے والے روز پہنی ہوئی تھی۔
وائرل ویڈیو میں عمران خان کا نوجوان سے کہنا ہے کہ ،”تم پاکستان کے ہیرو ہو اور بڑی تم نے دلیری دکھائی ہے مجھے بڑا اچھا لگا“۔
ابتسام نے عمران خان کو بتایا کہ میری والدہ آپ کی مجھ سے بھی زیادہ بڑی سپورٹرہیں لیکن انہیں دل کا دورہ پڑا تھا 2 ہفتے قبل تو جب کبھی آپ وزیرآباد آئیں ہمارے گھرآئیں۔
مزید پڑھیں:پولیس تحویل میں موجود نوید احمد کون۔ کیا دوسرا حملہ آور بھی تھا؟
اس پرعمران خان نے وزیرآباد میں نوجوان کے گھرجانے کا وعدہ کرتے ہوئے پاس موجود ساتھیوں سے کہا کہ تم یاد رکھنا جب بھی میں وزیرآباد جاؤں گا ان کے گھر جاؤں گا۔
ابتسام نے اپنے ٹوئٹراکاؤنٹ پراس ملاقات کے حوالے سے خوشی کا اظہارکرتے ہوئے لکھا کہ میرے لیڈر نے مجھے ہیرو کہہ کر مخاطب کیا، ان پرایک کیا لاکھوں جانیں بھی قربان کرنے کیلئے تیار ہوں۔
عمران خان پرحملہ ناکام بنانے والے ابتسام احمد نے اس حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا تھا کہ وہ کنٹینرسے تقریباً 15 فٹ کے فاصلے پرموجود تھے اورملزم دائیں جانب 10 فٹ کے فاصلے پرتھا، اس نے جیسے ہی شلوارکے نیفے سے پستول نکالی تودھیان اس پرگیا اوربھاگ کر اس کا ہاتھ کنٹینر کی جانب سے ہٹانے کی کوشش کی تا کہ گولی وہاں نہ لگے۔