Aaj Logo

اپ ڈیٹ 13 نومبر 2022 12:07am

سعودی ولی عہد کا دورہ پاکستان ملتوی

اسلام آباد: سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کا دورہ پاکستان ملتوی ہوگیا۔

نومبر کے تیسرے ہفتے میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا دورہ پاکستان متوقع تھا جس کی تصدیق سعودی سفارت خانے کی جانب سے بھی کی گئی تھی، رواں ہفتے کے آخر میں سعودی عرب کی خصوصی سکیورٹی ٹیم کو پاکستان پہنچنا تھا۔

ذرائع کے مطابق محمد بن سلمان کا دورہ ایشیا ملتوی ہونے کے باعث دورہ پاکستان بھی ملتوی کیا گیا ہے سعودی وزیراعظم اب بھارت اور پاکستان کے بجائے سیدھا انڈونیشیا کے شہر بالی جائیں گے جہاں وہ جی 20 سمٹ میں شرکت کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان 22 نومبر کے بعد رخت سفر باندھیں گے

اکیس نومبر کو متوقع دورہ پاکستان میں شہزادہ محمد بن سلمان سے پاکستان کو 4.2 ارب ڈالرز کے اضافی بیل آوٹ پیکج ملنے کا امکان تھا۔

اس کے علاوہ اس دورے میں متعدد معاہدوں کو حتمی شکل دیئے جانے کا بھی امکان تھا جس میں سعودی ولی عہد کی جانب سے آئل ریفائنری کے قیام کا معاہدہ بھی شامل تھا، جس کے تحت سعودی عرب چین کے ساتھ مل کر 10 ارب ڈالرز کی لاگت سے گوادر میں جدید آئل ریفائنری کے قیام میں مدد کرے گا، منصوبے کی تکمیل کے بعد ابتدائی طور پر چینی کمپنیاں ریفائنری کو چلائیں گی۔

سعودی ولی عہد کا دورہ بھارت بھی ملتوی

بھارتی میڈیا کے مطابق سعودی وزیراعظم محمد بن سلمان کا دورہ بھارت بھی ملتوی ہوگیا ہے، محمد بن سلمان اور نریندر مودی بالی میں جی 20 سمٹ کے دوران ملاقات کریں گے۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ سعودی ولی عہد جی 20 سمٹ کے بعد جلد نئی طے شدہ تاریخ پر بھارت کا دورہ کریں گے۔

Read Comments