Aaj Logo

شائع 16 نومبر 2022 02:49pm

ارشد شریف کیس کا ٹرائل پاکستان میں ہوسکتاہے، چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ

اسلام آباد ہائیکورٹ نے کینیا میں قتل کیے جانے والے صحافی ارشد شریف کے پوسٹ مارٹم کی رپورٹ اہلخانہ کو فراہم کرتے ہوئے مقتول کی والدہ کی درخواست نمٹا دی۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ کیس کا ٹرائل پاکستان میں ہوسکتا ہے، عمران فاروق قتل کیس کا ٹرائل بھی پاکستان میں ہوا تھا۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامرفاروق نے سینئر صحافی ارشد شریف کی پوسٹ مارٹم رپورٹ فراہم نہ کرنے سے متعلق درخواست پر سماعت کی۔

ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ ارشد شریف کی والدہ کو رپورٹ فراہم کردی گئی ہے، بیرسٹر شعیب رزاق نے اتوار کے روز رپورٹ مل جانے کا موقف اپنایا۔

عدالت نے استفسار کیا کہ اس کیس سے متعلق پاکستان میں کیا ہورہا ہے؟ جس پر بیرسٹرشعیب رزاق نے کہا کہ پاکستان میں بھی ایف آئی آر ہوسکتی ہے۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ ویسے تو ٹرائل بھی پاکستان میں ہوسکتا ہے،عمران فاروق قتل کیس کا ٹرائل بھی پاکستان میں ہوا تھا۔

عدالت نے ارشد شریف کی والدہ کی درخواست نمٹا دی۔

Read Comments