پاکستان ڈیفالٹ نہیں کرے گا، افواہیں پھیلانے سے گریز کیا جائے: اسحاق ڈار

ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کی کوئی کمی نہیں، وزیر خزانہ
اپ ڈیٹ 19 نومبر 2022 06:43pm

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ملک کے ڈیفالٹ کر جانے کے حوالے سے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے دعوے کو مسترد کردیا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں ملک دسمبر میں ایک ارب ڈالر سکوک بانڈ کی ادائیگی نہیں کرسکے گا، معیشت کےحوالےسے منفی باتوں سے معاہدوں پر اثر پڑتا ہے، واضح کردوں پاکستان تمام ادائگیاں وقت پر کردے گا۔

انہوں نے کہا کہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 5 سے 6 ملین ڈالر تک رہے گا، حکومت کی اس پر کڑی نظر ہے، کہا جا رہا ہے کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ بے قابو ہوگیا ہے لیکن ایسا نہیں۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کی کوئی کمی نہیں، پیٹرولیم مصنوعات کے ذخائر جتنے ہونے چاہئیں اتنے موجود ہے، پاکستان کے پاس اس وقت پیٹرولیم مصنوعات اسٹاک موجود ہے۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت پر بے بنیاد افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں جس کے پیچھے سیاسی مقاصد ہوسکتے ہیں، لہٰذا ایسی افواہوں سے گریز کیا جائے۔

Read Comments