Aaj Logo

شائع 23 نومبر 2022 04:39pm

اسکیم 35 ملیر میں قبضوں کا معاملہ، چیف سیکریٹری عدالت طلب

کراچی کے علاقے سیکٹر 18 اے شاہ لطیف ٹاؤن اسکیم 35 ملیر میں قبضوں کے معاملے پر عدالت نے چیف سیکریٹر ی کو ذاتی حیثت میں طلب کرلیا۔

سندھ ہائیکورت میں درخواست گزار نے مؤقف اپنایا کہ 1984 میں پلاٹ کا الاٹمنٹ آرڈر جاری ہوا، قبضے والی اراضی پر ایم ڈی اے نے اسکیم جاری کردی، جب خریدار پہنچے تو پتہ چلا اراضی پر پہلے سے قبضے ہیں۔

درخواست گزار کا کہنا تھا کہ ایم ڈی اے نے متبادل پلاٹ کا وعدہ کیا جو آج تک پورا نہیں ہوا، پوری سوسائٹی پر الگ سے قبضے ہیں۔

دوران سماعت عدالتی حکم پر مکمل عمل درآمد نہ ہونے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔

جسٹس ندیم اختر کا کہنا تھا کہ کہاں ہے چیف سیکرٹری؟

چیف سیکریٹری کے وکیل نے کہا کہ چیف سیکرٹری حیدر آباد میں مصروف ہیں۔

جس پر عدالت نے کہا کہ چیف سیکرٹری سے کہیں وہ تیس نومبر کو ذاتی حیثیت میں پیش ہوں، ڈی جی ایم ڈی اے بھی ذاتی حیثیت میں پیش ہوں، تیس نومبر تک تمام قبضے ختم کرکے رپورٹ جمع کرائیں۔

عدالت نے استفسار کیا کہ چیف سیکرٹری کو اجلاس بلانے کا کہا گیا تھا، بتائیں عدالتی فیصلے پر کیا عمل درآمد کیا؟ ہمیں بتائیں، اب تک عمل درآمد کیوں نہیں کیا گیا؟ عدالتی فیصلہ واضح تھا، مزید کیا تشریح کریں؟ درخواست گزار کو متبادل دیں یا معاوضہ ادا کیا جائے۔

Read Comments