Aaj Logo

شائع 23 نومبر 2022 11:17pm

توقع ہے صدر مملکت آرمی چیف کی سمری پر جلد دستخط کریں گے، خرم دستگیر

وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر کا کہنا ہے کہ ہمیں توقع ہے صدر مملکت آرمی چیف کی سمری پر جلد دستخط کریں گے۔

آج نیوز کے پروگرام ”اسپاٹ لائٹ“ میں گفتگو کرتے ہوئے خرم دستگیر نے کہا کہ ہمیں آئین و قانون کی طرف رجوع کرنا ہے، توقع ہے صدر مملکت ملک کو مزید بے یقینی میں نہیں ڈھکیلے بغیر سمری پر جلد دستخط کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کی زندگیوں کو بہتر کرنے کے لئے ایک ہی راستہ ہے کہ آئین پر عملدرآمد کریں، صدر علوی نے 29 نومبر کے بعد بھی کام کرنا ہے، البتہ ان کا ریکارڈ تو اچھا نہیں ہے۔

وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ مشاورتی اجلاس میں اتحادیوں نے وزیراعظم کو مکمل حمایت کا یقین دلایا ہے، وہ شہباز شریف کے پیچھے کھڑے ہیں، آج کے اجلاس سے ہمیں اتحادیوں کی طرف سے بہت تقویت ملی ہیں۔

خرم دستگیر نے کہا کہ ہمیں آئین کی سر بلندی کے لئے جانا ہے، قوانین میں کسی قسم کی تبدیلی کا وقت نہیں، جب کہ ناخوشگوار صورتحال چند دنوں کے لئے ہوگی جو بعد میں آئین کے مطابق حل ہو جائے گی۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اپنی مرضی کا آرمی چیف لگانا اور ملک میں فتنہ و فساد پھیلانا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ملک میں مارشل لاء نہیں چاہتے جب کہ اہم تعیناتی کے بعد سیاسی استحکام میں مضبوطی آئے گی۔

Read Comments