Aaj Logo

شائع 24 نومبر 2022 10:30am

آزاد کشمیر میں لانچ پیڈ کا بھارتی دعویٰ بے بنیاد ہے، پاک فوج

پاک فوج نے آزاد کشمیرسے متعلق بھارتی فوجی افسر کا بیان بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیرمیں نام نہاد دہشتگردوں کے لانچ پیڈ کا دعویٰ بے بنیاد ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوجی افسربیان بھارتی افواج کی پروپیگنڈا سوچ کا مظہرہے جبکہ بھارتی فوج کشمیرمیں حق خودارادیت کو کچلنے میں مصروف ہے۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ بھارت انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سےتوجہ ہٹانا چاہتا ہے لیکن حق خودارادیت کشمیریوں کا بنیادی حق ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی افسرکے بلند و بانگ دعوے غیرحقیقی، توہین آمیز ہیں، پاک فوج خطے میں امن و استحکام کیلئے پرعزم ہے اور ہرقسم کی مہم جوئی کا بھرپورجواب دینے کیلئے تیارہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں خبردارکرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج غیرذمہ دارانہ بیان بازی سے گریزکرے۔

بھارتی فوجی افسر کا بیان

بھارتی فوج کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل اوپیندردویدی کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت کی جانب سے دیے گئے کسی بھی حکم پرعمل کرنے کے لیے تیار ہے چاہے وہ پاکستان کے زیرانتظام جموں و کشمیر ہی کیوں نہ ہو۔

بھارتی فوجی افسر نے کہا کہ تھا کہ جہاں تک بھارتی فوج کا تعلق ہے وہ بھارتی حکومت کے کسی بھی حکم پرعمل کرے گی اورجب بھی اس طرح کے احکامات دیے جائیں گے، ہم ہمیشہ اس کے لیے تیار رہیں گے۔

بھارتی فوج کا بیان ایسے وقت سامنے آیا جب بھارتی وزیردفاع راج ناتھ سنگھ نے پاکستان کے زیر انتظام کشمیرکو واپس لینے کا اشارہ دیا تھا۔

بھارتی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پاکستان نے بھارت کی پیٹھ میں چھرا گھونپا ہے اور کشمیرمیں لوگوں پر ظلم کر رہا ہے جس پر اس نے قبضہ کر رکھا ہے۔

Read Comments