حقیقی آزادی مارچ : اسلام آباد کے داخلی راستے جزوی طور پربند

فیض آباد کے رہائشی ہوٹلوں اور فلیٹس کی چیکنگ عمل میں لائی جائے گی، اسلام آباد پولیس
اپ ڈیٹ 26 نومبر 2022 10:58am

پی ٹی آئی کے حقیقی آزادی مارچ کے سلسلے میں اسلام آباد کے داخلی راستوں کو جزوی طور پربند کردیا گیا ہے۔

مختلف شاہراہوں پرکنٹینرز کی موجودگی کے باعث ٹریفک کی روانی متاثرہورہی ہے جبکہ اسلام ایکسپریس وے پر کورال چوک سے اسلام آباد آنے والا راستہ کنٹینرزلگا کربند کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ فیض آباد انٹرچینج بھی جزوی طور پر بند کردیا گیا ہے جبکہ فیض آباد انٹرچینج پرپولیس اورایف سی کی بھاری نفری تعینات ہے۔

زیروپوائنٹ انٹرچینج پربھی کنٹینرزلگا دیے گئے ہیں جس کے باعث راستہ جزوی طورپربند ہے۔

دوسری جانب گزشتہ رات سے ہی راولپنڈی میں پاکستان تحریک انصاف کے حقیقی آزادی مارچ کے پیشِ نظر فیض آباد بس اڈہ بند کردیا گیا ہے۔

اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ آج رات 10 بجے سے سیاسی جماعت کے جلسے کے اختتام تک فیض آباد بس اڈہ بند رہے گا، حفاظتی اقدامات کے لئے پبلک ٹرانسپورٹ کو بھی داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

اسلام آباد پولیس نے بتایا کہ فیض آباد کے رہائشی ہوٹلوں اور فلیٹس کی چیکنگ عمل میں لائی جائے گی جب کہ رہائشیوں کو چیکنگ کے بعد جانے کی اجازت ہوگی۔

ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ راولپنڈی کی جانب مری روڈ بھی بند کر دیا گیا ہے جب کہ آئی جے پی روڈ، نائنتھ ایونیو سے پنڈی کی طرف راستے بند ہوں گے۔

Read Comments