Aaj Logo

اپ ڈیٹ 26 نومبر 2022 03:30pm

حقیقی آزادی مارچ: پی ٹی آئی راولپنڈی میں پاورشو کے لیے تیار،اسلام آباد میں داخلے پرپابندی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) آج راولپنڈی میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کرنے جارہی ہے، پی ٹی آئی کی کال پر ملک بھر سے قافلے راولپنڈی کی جانب روانہ ہو گئے۔ دوسری جانب ضلعی انتطامیہ نے مختلف راستے بند کرتے ہوئے جڑواں شہروں کے سنگم فیض آباد کے بس اڈے کو بھی جلسے کے اختتام تک بند کررکھا ہے۔

چندروز قبل روات پہنچنے والے حقیقی آزادی مارچ کو روک کر26 نومبرکو دوبارہ راولپنڈی سے شروع کیے جانے کا فیصلہ کیا گیا تھا جہاں آج وزیرآباد میں فائرنگ سے زخمی ہونے والے عمران خان صحتیابی کے بعد پھرسے مارچ کی قیادت کریں گے ۔

دھرنا یا جلسہ؟

عمران خان کی جانب سے 26 نومبر کو راولپنڈی میں احتجاج کی کال کے بعد سے تیاریاں مسلسل جاری ہیں۔ پارٹی ذرائع نے آج نیوز کو بتایا کہ عمران خان آج دوپہر 1 سے 2 بجے کے درمیان زمان پارک لاہور سے بذریعہ ہیلی کاپٹرروانہ ہوں گے جس میں ڈاکٹرز بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔

راولپنڈی میں حقیقی آزادی مارچ کی قیادت کریں گے سابق وزیراعظم وہاں دھرنا دیں گے یا جلسہ کریں گے؟

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پی ٹی آئی کو کڑی شرائط ہرجلسے کی اجازت دی گئی ہے تاہم ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ کہہ چکی ہیں کہ مطالبات کی منظوری تک عوام عمران خان کے شانہ بشانہ راولپنڈی کی سڑکوں پر موجود رہیں گے اور ملک بھر سے آئی خواتین مارچ میں ہراول دستے کا کردار ادا کریں گی۔

مشیروزیراعلیٰ پنجاب عمرسرفراز چیمہ کا بھی کہنا ہے کہ اس حوالے سے فی الحال کوئی فیصلہ نہیں ہوا، یہ فیصلہ چیئرمین عمران خان 26 نومبر کو جلسے کے دوران خود کریں گے۔

اسٹیج کا مقام تبدیل

راولپنڈی جلسے کے لیے سکستھ رود فلائی اوور کے مقام پراسٹیج تیارکیا گیا ہے۔ پولیس نے فیض آباد کے قریب جاری کام بند کروا کرجلسے کا مرکزی اسٹیج مری روڈ رحمان آباد منتقل کروا دیا تھا۔

بعد ازاں مشیر داخلہ پنجاب عمرسرفرازچیمہ کا کہنا تھا کہ راولپنڈی میں پی ٹی آئی جلسے کے لئے انتظامات مکمل ہیں، انتطامیہ کی جانب سے کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی جا رہی، لہٰذا اسٹیج کی تیاری روکنے کی خبر میں صداقت نہیں۔

ہیلی کاپٹر لینڈنگ کا مسئلہ برقرار

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان حقیقی آزادی مارچ کی قیادت کے لیے آج لاہور سے بذریعہ ہیلی کاپٹرراولپنڈی روانہ ہوں گے، پی ٹی آئی نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد سے ہیلی کاپٹر لینڈنگ کی اجازت طلب کر رکھی جس پر جواب آنے کا انتظار ہے، دوسری جانب اسد عمرکا کہنا ہے کہ عمران خان کی جان کو خطرہ ہے، ان کا ہیلی کاپٹرراولپنڈی آنے کے انتظامات ہوگئے ہیں، اگلے لائحہ عمل کا عمران خود اعلان کریں گے۔

اسلام آباد کے داخلی راستے جزوی بند

اسلام ایکسپریس وے پرکورال چوک سےاسلام آباد آنےوالا راستہ کنٹینرزلگا کربند کیا گیا ہے جبکہ راولپنڈی اسلام آباد کا سنگم فیض آباد انٹرچینج بھی جزوی طور پربند ہے۔ فیض آباد انٹرچینج پرپولیس اورایف سی کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے،پولیس کی جانب سے فیض آباد بس اڈہ بند بھی کردیا گیا ہے جو جلسے کے اختتام تک بند رہے گا۔

زیروپوائنٹ انٹرچینج کو بھی کنٹینرز لگا کرجزوی طور پر بند کیا گیا ہے۔ سلام ایکسپریس وے پرکورال چوک سے اسلام آباد آنے والا راستہ کنٹینرزلگا کربند کیا گیا ہے۔راولپنڈی کی جانب مری روڈ بھی بند کر دیا گیا ہے جب کہ آئی جے پی روڈ، نائنتھ ایونیو سے پنڈی کی طرف راستے بند ہوں گے۔

وزیرداخلہ کا انتباہ

وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناء نے گزشتہ روزپریس کانفرنس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کوخبردار کیا تھا کہ عمران خان کی جان کو خطرہ ہے، مارچ ملتوی کردیں کیونکہ کوئی بھی دہشتگردی کا فائدہ اٹھا سکتا ہے۔

رانا ثناء نے یہ انتباہ بھی جاری کیا تھا کہ عمران خان پارلیمنٹ میں واپس آئیں اور پی ڈی ایم سے مل کرالیکشن کی تاریخ لے لیں، اب پنڈی تاریخ نہیں دے گا۔انہوں نےشہریوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ فتنے فساد کے عمل میں عمران خان کا ساتھ نہ دیں۔

56 شرائط کے ساتھ جلسے کی اجازت

گزشتہ روز پی ٹی آئی اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان طے پانے والی شرائط کے مطابق 56 شرائط کے ساتھ جلسہ کی اجازت دی گئی تھی۔

ضلعی انتظامیہ کے اعلامیہ کے مطابق جلسے میں ریاست مخالف نعرے بازی پرپابندی کے علاوہ اداروں اورعدلیہ مخالف تقاریرپر بھی پابندی ہوگی، کسی سیاسی جماعت کا جھنڈا نذرآتش نہیں کیا جائے گا۔شرکاء جلسہ گاہ کے علاوہ کسی حدود میں داخل نہیں ہوں گے اور طے شدہ راستوں کے علاوہ کوئی اورروٹ استعمال نہیں کریں گے۔ اسٹیج اور شرکاء کا درمیانی فاصلہ 80 فٹ سے کم نہیں ہونا چاہیے۔

ساؤنڈ ایکٹ کے مطابق ساؤنڈ سسٹم استعمال کرنے کے علاوہ اذان کے وقت ساؤنڈ سسٹم بند کیے جانے کی پابندی بھی لازم قراردی گئی جبکہ اسلحہ لانے اورآتش بازی پربھی مکمل پابندی ہوگی۔

اعلامیہ کے مطابق خلاف ورزی پرجلسہ انتظامیہ کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

پنجاب پولیس بھی میدان میں

پی ٹی آئی کا دھرنا کامیاب بنانے کے لئے پنجاب پولیس نے انتظامیہ کے حکم پر پولیس کی جانب سے مسافروں سے بھری گاڑیوں کی پکڑ دھکڑ شروع کردی، سیکرٹری آر ٹی آفس ٹوبہ، پیر محل سمیت مختلف مقامات پرگاڑیوں کے ڈرائیورز کا کہنا ہے کہ کہ گاڑیاں پکڑ کر پی ٹی آئی عہدیداران کی فیکٹری لے جائی جا رہی ہیں۔

ذرائع کے مطابق کم قیمت پر بسوں کو بند کردیا گیا جو دن کے وقت لانگ مارچ کے لیے اسلام آباد روانہ ہوں گی۔

دُھند کے باعث مشکلات

مارچ کے لیے اسلام آباد جانے والے قافلوں کی روانگی موٹروے کی بندش کے باعث مشکلات کا شکارہوگئی، موٹر وے ایم ٹو کو رات سے دھند کے باعث بند کردیا گیا ہے۔ دھند کے باعث راوی روڈ موٹروے سے روانگی کا پلان تبدیل کردیا گیا، ڈاکٹر یاسمین راشد کی قیادت میں راوی روڈ سےروانہ ہونے والا قافلہ اب سگیاں پل جی ٹی روڈ کے راستے راولپنڈی جائے گا۔

یاسمین راشن کا کہنا ہے کہ اگرموٹروے نہ کھلی تو جی ٹی روڈ سے جائیں گے، اسلام آباد میں رکنے کا عمران خان بتائیں گے۔

Read Comments