ہمیں رانا ثنااللہ کی پرواہ نہیں، ہماری جدوجہد جاری رہے گی، پرویز خٹک

اگر عوام غلام بننا چاہتے ہیں تو سوتے رہیں، پی ٹی آئی رہنما
شائع 26 نومبر 2022 09:41am

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما پرویز خٹک کا کہنا ہے کہ وزیر داخلہ رانا ثنااللہ جو کہتا رہے ہمیں رانا وانا کی پرواہ نہیں، ہماری جدوجہد جاری رہے گی، پی ٹی آئی کے حقیقی مارچ میں آپ کو اتنے لوگ نظر آجائیں گے جو کسی نے خواب میں بھی نہیں دیکھیں ہونگے۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ جدوجہد میں مشکلیں اور سختیاں بھی آتی ہیں، اگر اپنی آواز بلند نہ کرسکے، اگر بول نہ سکے تو میرے خیال میں ہمارا جینا فضول ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کہتے ہیں کہ مجھے موت پسند ہے لیکن غلامی پسند نہیں، اگر عوام غلام بننا چاہتے ہیں تو سوتے رہیں، اگر ملک کو ترقی دینی ہے تو پھر نکلنا ہوگا۔

پرویز خٹک نے کہا کہ ہمارے لوگ شیل کے عادی ہوچکے ہیں، ہم لڑنے کیلئے بھی تیار ہیں، جو خان صاحب آرڈر دیں گے ہم ہر حد تک جائیں گے۔

Read Comments