پی ٹی آئی جلسوں میں پنجاب حکومت کے وسائل استعمال ہو رہے ہیں: شرجیل میمن

عمران خان تھوڑی ہمت دکھاؤ اور صدر سے استعفی لیکردکھاؤ، صوبائی وزیر
شائع 27 نومبر 2022 12:09pm

صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ عمران خان کی استعفی دینے کی بات عوام کو بے وقوف بنانے کے مترادف ہے، پی ٹی آئی جلسوں میں پنجاب حکومت کے وسائل استعمال ہو رہے ہیں۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ پرویز الٰہی خود ایک حادثاتی وزیراعلیٰ ہیں، پرویز الہی کبھی نہیں چاہیں گے کہ عمران جیسے بےوقوف کے کہنے پراقتدارچھوڑدیں، عمران خان تھوڑی ہمت دکھاؤ اور صدر سے استعفی لیکردکھاؤ۔

شرجیل میمن نے کہا کہ جاوید اقبال کی ویڈیو لیک کی گئی اور مخالفین کو چن چن کر گرفتار کرایا گیا، عمران خان سے بڑا ڈکٹیٹر تو پاکستان کی تاریخ میں پیدا نہیں ہوا، وہ دن دور نہیں جب عمران خان سلاخوں کے پیچھے ہوں گے، میری اطلاع یہ ہے کہ اڈیالہ میں صفائی ستھرائی کا کام ہورہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم الیکٹریکل ویکلز کی ٹیکسی سروس بھی شروع کرنے والے ہیں اور اس کے پروپوزل پر کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکسی سروس بھی کراچی کے شہریوں کیلئے شروع کر رہے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کراچی میں ٹرانسپورٹ کے میگا پروجیکٹس چل رہے ہیں، ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ دن رات کام کر رہا ہے۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ تمام تجاوزات کو ختم کیا جائے گا، اچھی ٹرانسپورٹ ملنا عوام کا حق ہے، ہماری پوری کوشش ہے کہ عوام کو جلد از جلد سہولیات دیں۔

Read Comments