Aaj Logo

شائع 29 نومبر 2022 06:59am

جنرل فیض حمید کی قبل از وقت ریٹائرمنٹ پر سرکاری بیان جاری کیوں نہیں ہوا

کور کمانڈر بہاولپور اور آئی ایس آئی کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید قبل از وقت ریٹائر ہوگئے ہیں۔ اس حوالے سے کم ازکم دو نجی ٹی وی چینلز اور خبر رساں ادارے این این آئی نے خبر دی ہے۔

تاہم جنرل فیض حمید کی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے کوئی سرکاری بیان جاری نہیں ہوا۔ اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج کا شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر جرنیلوں کی ریٹائرمنٹ پر اعلان نہیں کرتا البتہ آئندہ دنوں جب تقرریوں کا اعلان ہوگا تو خودبخود تصدیق ہو جائے گی۔

اطلاعات کے مطابق جنرل فیض حمید نے ریٹائرمنٹ کے لیے زبانی درخواست کی تھی جو منظور کر لی گئی۔ اگر وہ اپنی مدت ملازمت پوری کرتے تو انہیں 30 اپریل کو ریٹائر ہونا تھا۔

قبل از وقت سروس کے آخری برس ہونے کے سبب جنرل فیض حمید کی پنشن اور دیگر مراعات پڑ کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

جنرل فیض حمید کا نام ان چھ جرنیلوں کی فہرست میں شامل تھا جو نئے آرمی چیف اور نئے چیئرمین جوائنٹ چیفس کے تقرر کے لیے پاک فوج نے وزارت دفاع کے ذریعے وزیراعظم ہاؤس کو بھیجی تھی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے فہرست میں شامل پہلے دو افسران لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر اور لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا کو فور اسٹار جنرل کے رینک پر ترقی دیتے ہوئے بالترتیب آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس مقرر کر دیا۔ چونکہ جنرل فیض حمید سمیت چار جرنیل سپرسیڈ نہیں ہوئے تھے لہذا انہیں قبل از وقت ریٹائرمنٹ کی ضرورت نہیں تھی ۔

خبر ایجنسی این این آئی کے مطابق فہرست میں شامل ایک اور جنرل اظہر عباس بھی قبل از وقت ریٹائر ہو رہے ہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس اس وقت چیف آف جنرل اسٹاف ہیں اور ان کی مدت 27 اپریل کو پوری ہو رہی تھی۔

جنرل فیض حمید کی ریٹائرمنٹ نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے عہدہ سنبھالنے سے چند گھنٹے پہلے سامنے آئی ہے۔ جنرل عاصم منیر آج پاک فوج کی کمانڈ سنبھال رہے ہیں۔

Read Comments