شائع 29 نومبر 2022 04:23pm

بینک سے بھاری رقم نکلوانے والے شہریوں کی حفاظت کیلئے پولیس کا اہم اقدام

کراچی میں پولیس نے بینک سے رقم نکلوانے والے شہریوں کی حفاظت کیلئے اہم اقدامات کا اعلان کیا ہے۔

تھانہ ٹیپو سلطان پولیس نے بھاری رقم لے جانے والے شہریوں کو ڈاکوؤں سے بچانے کیلئے بینکوں کو ہدایات جاری کردیں۔

کراچی شرقی کتے تھانہ ٹیپو سلطان کی ایس ایچ او انسپکٹر عظمیٰ خان کا کہنا ہے کہ ان کے تھانے کی حدود میں 50 سے زائد بینک اور ایکسچینج کمپنیوں کے دفاتر ہیں۔

انسپکٹر عظمیٰ نے اپنے تھانے کی حدود میں واقع تمام بینکوں اور دفاتر کی انتظامیہ سے ذاتی طور پر ملاقاتیں کیں اور انہیں تحریری طور پر بھی حفاظتی انتظامات اور سکیورٹی خدشات آگاہ کیا۔

بینکوں اور مالیاتی اداروں کو ہدایات جاری کی گئیں کہ ان کے بینک میں اگر کوئی اکاؤنٹ ہولڈر 3 لاکھ روپے سے زائد رقم نکلوائے یا منی چینجر سے کرنسی تبدیل کرائے تو رقم کی ادائیگی سے قبل تھانے کو مطلع کیا جائے تاکہ اسے محفوظ طریقے سے رقم کے ساتھ ان کی منزل تک پہنچنے کا حفاظتی بندوبست کیا جا سکے۔

انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ ٹیپو سلطان تھانے کی حدود میں واقع بینکوں سے رقوم نکلواتے وقت پولیس کی مدد حاصل کر سکتے ہیں۔

خیال رہے کہ کراچی میں بینکوں سے بھاری رقم لے کر نکلنے والے شہریوں کو لوٹنے کی وارداتیں معمول بنتی جارہی ہیں اور مزاحمت پر کئی افراد ڈاکوؤں کی گولیوں کا شکار ہوچکے ہیں۔

Read Comments