سکیورٹی فورسز کا ہوشاب میں آپریشن، 10 دہشتگرد ہلاک

آپریشن کے دوران دیسی ساختہ بم سمیت اسلحہ اور گولہ بارود کا بھاری ذخیرہ بھی برآمد، آئی ایس پی آر
اپ ڈیٹ 30 نومبر 2022 08:46am

سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے ہوشاب میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا جس دوران فائرنگ کے تبادلے میں 10 دہشتگرد مارے گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے ہوشاب میں دہشتگردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا، ہوشاب میں ایم 8 شاہراہ پر دیسی ساختہ بم نصب کرنے سمیت سکیورٹی فورسز اور شہریوں کو نشانہ بنانے کے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکورٹی فورسز نے 12 سے 14 دہشت گردوں کی نشاندہی کے بعد کارروائی شروع کی، دہشت گردوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران 10 دہشت گرد مارے گئے جبکہ 1 دہشت گرد کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز کے مطابق دو دہشتگرد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جن کی تلاش کے لئے علاقے میں آپریشن جاری ہے جب کہ آپریشن کے دوران دیسی ساختہ بم سمیت اسلحہ اور گولہ بارود کا بھاری ذخیرہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فورسز قوم کے تعاون سے بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی تمام کوششوں کو ناکام بنانے کے پُرعزم ہیں۔

Read Comments