Aaj Logo

شائع 04 دسمبر 2022 12:45pm

’پی ٹی آئی وقت ضائع کیے بغیر پنجاب اور کے پی میں انتخابات کیلئے جائے گی‘

سابق وفاقی وزیراطلاعات ونشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف وقت ضائع کیے بغیر پنجاب اور خیبر پختونخوا کے صوبائی انتخابات کے لیے جائےگی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان نے ممبرانِ اسمبلی کو ہدایت کی ہے کہ حلقوں میں واپس پہنچیں اور انتخابات کی تیاری کریں۔

انہوں نے کہا ہے کہ اگر پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) انتخابات سے ایسے ہی بھاگتی رہی جیسے اب بھاگ رہی ہے تو ہم مزید وقت ضائع کیے بغیر پنجاب اور خیبر پختونخوا کے صوبائی انتخابات کے لئے جائیں گے۔

سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ قومی اسمبلی کے انتخابات بعد میں ہوں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز خیبر پختونخوا اسمبلی کی پارلیمانی پارٹی کے اراکین سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا تھا کہ ہم اسی ماہ صوبائی حکومتوں کو تحلیل کر کے الیکشن کی طرف جائیں گے۔

انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ اگر حکومت جنرل الیکشن کی تاریخ دینا چاہتی ہے تو ہم بات چیت کے لئے تیار ہیں، ہمارے ارکان الیکشن کی تیاری کریں، الیکشن جب بھی ہوں، پی ٹی آئی نے تو اب جیتنا ہے۔

Read Comments