Aaj Logo

اپ ڈیٹ 06 دسمبر 2022 02:07pm

توہین الیکشن کمیشن کیس: سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی قیادت کیخلاف درخواستیں نمٹادیں

سپریم کورٹ نے توہین الیکشن کمیشن کیس میں پی ٹی آئی قیادت کے خلاف درخواستیں نمٹاتے ہوئے الیکشن کمیشن کو کارروائی جاری رکھنے کا حکم دے دیا۔

چیف جسٹس کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3رکنی بینچ نے عمران خان، فواد چوہدری اوراسد عمرکے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت کی۔

الیکشن کمیشن کے وکیل نے مؤقف اپنایاکہ پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف الیکشن کمیشن نوٹسزلاہور، سندھ اوراسلام آباد ہائیکورٹ میں زیرسماعت ہیں، تمام ہائیکورٹس میں پی ٹی آئی رہنماؤں کی درخواستوں کویکجا کردیا جائے۔

وکیل پی ٹی آئی انور منصور نے اعتراض کرتے ہوئے کہاکہ صرف فریقین کی سہولت کے لئے تمام مقدمات یکجا نہیں کیے جاسکتے۔

چیف جسٹس کی ہدایت پر وکلاء نے ہائیکورٹس میں زیرسماعت مقدمات یکجا کرنے سے متعلق عدالتی فیصلوں سےآگاہ کیا ۔

سپریم کورٹ نےالیکشن کمیشن کی پی ٹی آئی قیادت کے خلاف درخواستیں نمٹاتے ہوئے ہدایت کی کہ لاہورہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو کارروائی سے نہیں حتمی فیصلے سے روکا ہے، توہین الیکشن کمیشن کے خلاف پی ٹی آئی درخواستوں پر فیصلہ جلد کرے ، پی ٹی آئی قیادت کے خلاف حکم توہین الیکشن کمیشن کی کارروائی مکمل ہونے پر ہوسکے گا ۔

Read Comments