جامعہ کراچی میں تنخواہوں کی ادائیگی شروع، کلاسز بدھ سے بحال

گرانٹ کی رقم آنے کے بعد تنخواہوں کی ادائیگی شروع ہو گئی، انجمن اساتذہ
شائع 06 دسمبر 2022 05:03pm

جامعہ کراچی نے اساتذہ اور نان ٹیچنگ عملے کو تنخواہوں کی ادائیگی منگل سے شروع کردی ہے جس کے بعد اساتذہ کی تنطیم کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ کل یعنی بدھ سے کلاسز بحال ہو جائیں گی۔

تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر کراچی یونیورسٹی ٹیچرز سوسائٹی نے تعلیمی سرگرمیوں کے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا جو جمعہ سے جاری تھا۔ احتجاج کے باوجود تنخواہیں نہ ملنے پر پیر اور منگل کو بھی جامعہ کراچی میں تمام تعلیمی سرگرمیاں معطل رہیں۔

جامعہ کراچی ٹیچرز سوسائٹی نے منگل کی سہ پہر جاری ایک بیان میں کہا کہ انجمن اساتذہ جامعہ کراچی تمام اساتذہ کو خراج تحسین پیش کرتی ہے جنہوں نے اپنے اتحاد سے تمام ذمہ داران کو یہ باور کرایا کہ اساتذہ کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ تنخواہوں کی ادائیگی کا آغاز ہوچکا ہے اور مجلس عاملہ کی روداد کے مطابق بائیکاٹ کو ختم کیا جارہا ہے۔

انجمن اساتذہ کے سیکریٹری سید فیضان الحسن نقوی نے آج ڈیجٹل کو بتایا کہ منگل کو کلاسز کا بائیکاٹ کیا گیا لیکن بدھ سے کلاسز بحال ہو جائیں گی، گرانٹ کی رقم آنے کے بعد تنخواہوں کی ادائیگی شروع ہو گئی ہے۔

خیال رہے کہ جامعہ کراچی کے اساتذہ کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر تین دن تعلیمی سرگرمیاں معطل رہیں تھیں۔

Read Comments