Aaj Logo

شائع 12 دسمبر 2022 01:07pm

سعود شکیل کا زمین کے قریب سے کیچ، آؤٹ ہوئے یا نہیں، بحث چھڑ گئی

ملتان ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستان کے نوجوان مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل کو تھرڈ امپائر کی جانب سے آؤٹ قرار دیے جانے کے فیصلے پر سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھڑ گئی۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ملتان ٹیسٹ میچ دلچسپ مرحلے میں داخل ہو چکا ہے،پاکستان کو کھانے کے وقفے سے پہلے آخری اوور میں سعود شکیل 94 رنز پر بیٹنگ کر رہے تھے کہ مارک ووڈ کی ایک گیند سعود شکیل کے بیٹ کو چھوتی ہوئی وکٹوں کے پیچھے گئی جسے اولی پوپ نے ڈائیو لگاتے ہوئے کیچ کر لیا۔

انگلش بولر، وکٹ کیپر اور دیگر کھلاڑیوں کی جانب سے کیچ آؤٹ کی اپیل کی گئی تاہم امپائر علیم ڈار نے فیصلہ تھرڈ امپائر پر چھوڑ دیا۔

تھرڈ امپائر نے کئی بار ویڈیو کو غور سے دیکھنے کے بعد سعود شکیل کو آؤٹ قرار دیا۔

سعود شکیل کو آؤٹ قرار دیے جانے کے فوری بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے تھرڈ امپائر کے اس فیصلے کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو نے بھی معاملے کی حساسیت کو سمجھتے ہوئے شائقین کرکٹ سے سوال پوچھا کہ یا اولی پوپ نے کلین کیچ لیا؟۔

پاکستان کے وکٹ کیپر کامران اکمل نے بھی سعود شکیل کو آؤٹ قرار دیے جانے کے فیصلے کو حیران کن قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ میرے خیال سے یہ آؤٹ نہیں تھا۔

خیال رہے کہ ملتان ٹیسٹ میں پاکستان کو جیت کے لیے مزید 64 رنز درکار ہیں اور اس کی 3 وکٹیں باقی ہیں۔

Read Comments