چمن: پاکستان، افغان فورسز کے درمیان جھڑپیں، ایک شخص جاں بحق، 14 زخمی

شہریوں کو سرحدی علاقے سے دور رہنے کی ہدایت
اپ ڈیٹ 15 دسمبر 2022 03:38pm

چمن پاک افغان باڈرپر پاکستان اور افغان فورسز کے درمیان ایک بارفائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور 14 افراد زخمی ہوگئے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فائرنگ پاک افغان بارڈر کلی شیخ لعل محمد پرباڑکے تنازع پر شروع ہوئی، جس دوران بھاری ہتھیاروں کے استعمال کے باعث چمن شہرمیں سُنی جانے والی دھماکوں کی آوازوں سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

پاک افغان سرحد پرافغان فورسز کی جانب سے سویلین آبادی پر بلااشتعال گولہ باری کی گئی۔ رحمال کہول روڈ اور اڈہ کہول کے علاقے میں مارٹر کا گولہ لگنے سے ایک شخص جاں بحق اور 14 افراد زخمی ہوگئے جبکہ زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کردیا۔

پاکستان کی جانب سے چمن شہر میں سیکیورٹی انتہائی سخت کرتے ہوئے عوام کو سرحدی علاقے سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ ہنگامی صورتحال کے پیش نظر ڈاکٹرز اور طبی عملے کو بھی الرٹ کردیا گیا ہے۔

چار روز قبل افغان بارڈر فورسز کی جانب سے چمن میں شہری آبادی پر بھاری ہتھیاروں سے بلااشتعال فائرنگ کی گئی تھی، جس کے نتیجے میں 6 پاکستانی شہری جاں بحق اور 17 زخمی ہوگئے تھے۔

Read Comments