عمران خان آج لبرٹی چوک جلسہ سے اہم خطاب کریں گے، مسرت جمشید چیمہ

ملک ڈیفالٹ کرچکا، بدنامی کے ڈر سے اعلان نہیں کررہے ہیں، ترجمان پنجاب حکومت
شائع 17 دسمبر 2022 10:01am

ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف کی کال پر آج شام لبرٹی چوک پر اہم جلسہ ہونے جا رہا ہے جس سے عمران خان اہم خطاب کریں گے۔

مسرت جمشید چیمہ نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کی معاشی حالت ہر دن بگڑتی جا رہی ہے اورسیاسی استحکام کے بغیر کوئی بہتری ممکن نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک چلانے والے سب چور ارب پتی ہوگئے، ملک اربوں ڈالر کا مقروض ہوگیا ساتھ ہی شریف خاندان کے اکاؤنٹس میں کروڑوں روپوں کی ٹی ٹی آتی رہیں۔

ترجمان پنجاب حکومت نے کہا کہ پنجاب، خیبر پختونخوا، کشمیراور گلگت بلتستان کی رقوم وفاق نے ضبط کرلیں ہیں اور فارن ریزرو 7 ارب ڈالر سے بھی کم رہ گئے وہ بھی دوست ممالک کے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب عمران خان کو ہٹایا گیا اس وقت خزانے میں 22 ارب ڈالر تھے لیکن اب ملک ڈیفالٹ کرچکا، بدنامی کے ڈر سے اعلان نہیں کررہے ہیں جبکہ سفارت خانوں کے پاس تنخواہوں کے پیسے نہیں ہیں اور وزیر خارجہ بلاول کے دوروں پر 2 ارب خرچ ہوچکے ہیں۔

مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ پاکستانی روپیہ ایشیا کی بدترین کرنسی بن چکا ہے ایک ایٹمی ملک کی اس حالت کی ذمہ دار امپورٹڈ حکومت ہے۔

Read Comments