Aaj Logo

شائع 17 دسمبر 2022 11:04pm

انجلینا جولی اقوام متحدہ کے عہدے سے مستعفی

ہالی ووڈ اداکارہ انجلینا جولی اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین کے خصوصی سفیر کی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہوگئی ہیں۔

آسکر یافتہ امریکی اسٹار اداکارہ انجلینا جولی 2001 میں اقوام متحدہ کے ساتھ منسلک ہوئی تھیں اور انہیں 2012 میں اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین کے نمائندہ خصوصی کا عہدہ تفویض کیا گیا تھا۔21 سال اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم سے جنگ اور آفت زدہ علاقوں کی بحالی کے لیے کام کرنے والی انجلینا جولی اب اپنی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہوگئی ہیں۔

اس حوالے سے انجلینا جولی نے ایک بیان میں کہا کہ اقوام متحدہ کے تحت 20 سال کام کرنے کے بعد میں یہ محسوس کرتی ہوں کہ اب وقت آگیا ہے کہ میں مختلف طریقے سے کام کروں، پناہ گزینوں اور مقامی تنظیموں کے ساتھ براہ راست کام کروں اور انکے مسائل کے حل کے لیے ان کے موقف کو اجاگر کروں۔

انجلینا جولی کا کہنا تھا کہ میں پناہ گزینوں اور دیگر بے گھر لوگوں کی مدد کے لیے آنے والے سالوں میں اپنی طاقت میں ہر ممکن کوشش کرتی رہوں گی ۔

واضح رہے کہ انجلینا جولی کا شمار ان ہالی ووڈ فنکاروں میں ہوتا ہے جنہوں نے مختلف قدرتی آفات اور واقعات کے بعد پاکستان کے دورے کئے۔

رواں برس بھی انجیلنا جولی سندھ اور بلوچستان میں ہونے والی غیر متوقع شدید بارشوں کے باعث ہونے والی تباہ کاریوں کے جائزے اور متاثرین کی امداد کے لیے پاکستان آئی تھیں۔

Read Comments