Aaj Logo

شائع 20 دسمبر 2022 11:42am

اسلام آباد ہائیکورٹ: عمران خان کے خلاف 2 مقدمات کی سماعت ملتوی

اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے خلاف 2 مقدمات کی سماعت ملتوی کردی۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق نےتوشہ خانہ کیس میں الیکشن کمیشن کے فیصلے اور مزید کارروائی کے خلاف عمران خان کی درخواست پر سماعت کی، عمران خان کے وکیل عدالت میں پیش نہ ہوئے۔

عمران خان کے وکیل بیرسٹر علی ظفر کے معاون نے عدالت سے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کرتے ہوئے بتایا کہ بیرسٹر علی ظفر مصروفیات کے باعث آج پیش نہیں ہو سکے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق نے معاون وکیل کی استدعا منظور کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت اگلے ماہ تک ملتوی کردی۔

مبینہ بیٹی کو چھپانے پر عمران خان کیخلاف نااہلی کیس کی سماعت

دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ میں مبینہ بیٹی ٹیریان وائٹ کو چھپانے پر عمران خان کی نااہلی کی درخواست پر سماعت چیف جسٹس عامر فاروق نے کی۔

عمران خان کی جانب سے سلمان اکرم راجہ ایڈووکیٹ ، وکلاء سلمان ابوزر نیازی اور اظہر صدیق ایڈووکیٹ عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے مسکراتے ہوئے استفسار کیا کہ لاہور کا کوئی وکیل رہ تو نہیں گیا۔

عمران خان کے وکلاء نے جواب جمع کرانے کے لئے عدالت سے وقت مانگ لیا اور کہا کہ اس قسم کے کیس کا پہلے ہی فیصلہ ہو چکا ہے ۔

الیکشن کمیشن کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ یہ معاملہ کئی بار پہلے بھی ہمارے پاس آ چکا ہے، ایسی درخواستیں مسترد ہوتی رہی ہیں۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ عمران خان کے وکیل کا وکالت نامہ آگیا ہے، انہیں جواب کے لیے وقت دے رہے ہیں۔

بعدازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے کیس کی مزید سماعت 19 جنوری تک ملتوی کردی۔

Read Comments