الیکشن کمیشن نے عمران خان کیخلاف 2 مختلف کیسز میں فیصلہ محفوظ کرلیا

پارٹی چیئرمین شپ سے ہٹانے، انتخابی اخراجات جمع نہ کرنے کے کیس میں فیصلہ محفوظ
شائع 20 دسمبر 2022 01:30pm

الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے خلاف پارٹی چیئرمین شپ سے ہٹانے اور انتخابی اخراجات جمع نہ کرنے کے 2مختلف کیسز میں فیصلہ محفوظ کرلیا۔

چیف الیکشن کمشنر سکند سلطان راجہ کی سربراہی میں کمیشن نے عمران خان کی جانب سے انتخابی اخراجات جمع نہ کرانے کے خلاف درخواست پرسماعت کی۔

اسپیشل سکریٹری نے بتایاکہ عمران خان کی جانب سے تاخیر سے اخراجات کی تفصیل جمع کرائی گئیں تفصیلات دینے والا شخص بھی مجازنہیں تھا۔

عمران خان کے وکیل بیرسٹرگوہرنے موقف اپنایاکہ عمران خان 3 نومبر کو زخمی ہوئے تھے، تفصیلات جمع کرانےکی تاریخ 10 نومبر تھی، اس معاملے پر ہمیں معاف کیا جائے۔

بعدازاں الیکشن کمیشن نے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا ۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن نے عمران خان کو پارٹی چیئرمین شپ سے ہٹانے کی درخواست پر بھی سماعت کی ،درخواست گزار محمد آفاق کمیشن کے سامنے پیش ہوئے۔

درخوست گزار نے مؤقف اپنایاکہ عمران خان نااہل ہوگئے تو تمام مراعات واپس لینی چاہئیں اور پارٹی چیئرمین شپ سے بھی ہٹایا جائے ۔

بعدازاں الیکشن کمیشن نے اس کیس کا فیصلہ بھی محفوظ کرلیا۔

Read Comments