Aaj Logo

شائع 28 دسمبر 2022 07:58pm

پی اے سی کا ڈیم فنڈ کی تفصیلات فراہم نہ کرنے پر چیف جسٹس کو خط لکھنے کا فیصلہ

پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے سپریم کورٹ ڈیم فنڈ کے بارے میں تفصیلات فراہم نہ کرنے پر چیف جسٹس آف پاکستان کو خط لکھنے کا فیصلہ کرلیا۔

پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس کے دوران آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی طرف سے پی اے سی کو آگاہ کیا گیا کہ سپریم کورٹ حکام کی طرف سے فنڈز تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔

جس پر پبلک اکاونٹس کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ رجسٹرار آفس کی طرف سے سپریم کورٹ ڈیم فنڈ کی تفصیلات فراہم نہ کرنے پر اس بارے میں چیف جسٹس آف پاکستان عمر عطا بندیال کو خط لکھا جائے گا۔

پبلک اکاونٹس کمیٹی کی ہدایات پر سیکرٹری کمیٹی نے اس سے قبل رجسٹرار سپریم کورٹ کو خط لکھ کرسپریم کورٹ ڈیم فنڈ کی تفصیلات طلب کی تھیں لیکن وہ فراہم نہیں کی گئی۔

آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی طرف سے بھی پی اے سی کو بتایا گیا کہ بار بار پوچھنے پر بھی فنڈ کی تفصیلات فراہم نہیں کی جارہیں، اس سے قبل پی اے سی سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کوخط کے ذریعہ اجلاس میں طلب کرچکی ہے لیکن وہ بھی نہیں آئے تھے۔

پی اے سی نے آڈیٹر جنرل سے استفسار کیا تھا کہ ڈیم فنڈ میں کل کتنی رقوم جمع ہوئیں تھیں، یہ فنڈز کس طرح سے استعمال کئیے گئے؟ سب تفصیلات متعلقہ حکام سے لے کر کمیٹی کو بتائی جائیں۔

Read Comments