Aaj Logo

اپ ڈیٹ 30 دسمبر 2022 08:31pm

اسلام آباد بلدیاتی انتخابات ہفتہ کو کرانے کے عدالتی فیصلے پر عمران خان کا ردعمل

اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کل 31 دسمبر کو کرانے کے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے پرپاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے چیئرمین عمران خان کا رد عمل سامنے آگیا۔

سابق وزیراعظم عمران خان نے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے اسلام آباد کے عوام کے نام جاری پیغام میں کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے عدالتی حکم پر اسلام آباد کی عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں،اس عدالتی فیصلے کے نتیجے میں اسلام آباد کے عوام ووٹ کے ذریعے اپنی مقامی حکومت منتخب کر پائیں گے، ملک کی بدقسمتی ہے کہ ملک پر مسلط کرپٹ ٹولے کے ساتھ الیکشن کمیشن بھی ملا ہوا ہے۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ الیکشن کمیشن ہمیشہ ان چوروں کی حمایت کر کے جمہوریت کے خلاف فیصلے کرتا ہے، اللہ کا کرم ہے کہ معزز عدالتیں ہمیشہ الیکشن کمیشن کے غیر قانونی فیصلوں کو مسترد کر دیتی ہیں، یہ کرپٹ ٹولہ عوام سے خوفزدہ ہے، ہمیشہ انتخابات سے راہِ فرار اختیار کرتا ہے، چوروں کی کوشش صرف اور صرف ملک پر اپنا قبضہ برقرار رکھنے کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک پر قبضہ مسلط رکھنے کے لئے یہ ہارس ٹریڈنگ اور کرپشن کے پیسے سے ضمیروں کی منڈیاں لگاتے ہیں، اس مافیا کے پاس اب کوئی راستہ نہیں بچا،عوام ان کو بری طرح مسترد کر چکی ہے ،اسلام آباد کے عوام کو خصوصی تاکید کرتا ہوں آپ نے کل بلدیاتی انتخابات میں بھرپور شرکت کرنی ہے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ مجھے امید ہے انشااللہ اسلام آباد کے عوام کل بلدیاتی انتخابات میں اس کرپٹ ٹولے کو شکست دیں گے۔

Read Comments