Aaj Logo

اپ ڈیٹ 01 جنوری 2023 04:38pm

صدر نے لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل بغیر دستخط واپس کردیا

صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی نے اسلام آباد لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل 2022 کو بغیر دستخط کے واپس کر دیا ہے۔

صدرمملکت نے بل کو یہ کہہ کر واپس کیا کہ وفاقی حکومت کےعُجلت میں اٹھائے گئے اقدامات کے نتیجے میں انتخابی عمل میں دو بار تاخیر ہوئی، جو جمہوریت کے لیے مثبت نہیں ہے۔

ڈاکٹرعارف علوی نے کا کہنا تھا کہ 50 یونین کونسلوں کی حد بندی مکمل ہونے کے بعدالیکشن کمیشن نے31 جولائی 2022 کو انتخابات کا فیصلہ کیا، پولنگ کی تاریخ کے اعلان کے باوجود وفاقی حکومت نے یونین کونسلوں کی تعداد بڑھا کر101 کر دی، جس کے نتیجے میں انتخابات التوا کا شکار ہوئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پھر31 دسمبر کو الیکشن کمیشن نے 101 یونین کونسلوں پر انتخابات کا فیصلہ کیا مگر موجودہ بل کا سیکشن 2 آئی سی ٹی میں 125 یونین کونسلوں کا ذکر کرتا ہے، اس لیے 31 دسمبر کو ہونے والے انتخابات دوبارہ ملتوی کر دیے گئے ہیں۔

صدرمملکت نے کہا کہ موجودہ بل کے سیکشن 3 کے مطابق انتخابات کے شیڈول کے اعلان کے بعد میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخابات کا طریقہ تبدیل کردیا گیا ہے۔

گزشتہ روز ہی اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق11 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کیا تھا۔

تفصیلی فیصلہ جسٹس ارباب محمد طاہر نے جاری کیا، جس کے مطابق الیکشن کمیشن کو شیڈول کے مطابق 31 دسمبر کو الیکشن کرانے کا حکم ہ ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے صدرمملکت کی طرف سے بل پر دستخط نہ کرنے کو بنیاد بنایا۔ فیصلے کے مطابق الیکشن کمیشن نے اپنے فیصلے میں کہا کہ بل صدر کو بھیج دیا گیا ہے۔

Read Comments