Aaj Logo

شائع 08 جنوری 2023 12:47pm

اسلام آباد بلدیاتی انتخابات کے فیصلے کیخلاف انٹرا کورٹ اپیل پر کل سماعت

اسلام آباد بلدیاتی انتخابات کے فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل پر سماعت کل ہوگی، اسلام آباد ہائیکورٹ نے اپیلیں قابل سماعت قرار دے رکھی ہیں جبکہ فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 9 جنوری جواب طلب کر رکھا ہے۔

چیف جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں ڈویژنل بینچ وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق انٹراکورٹ اپیلوں پر سماعت کرے گا۔

عدالت نے انٹراکورٹ اپیلیں قابل سماعت قراردیتے ہوئے پی ٹی آئی اورجماعت اسلامی سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر رکھا ہے۔

گزشتہ سماعت کے دوران جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے تھے کہ حکومت نے آخری وقت میں بل لایا حکومت یہ سب پہلے بھی کرسکتی تھی، ہرایک نے اپنا کام قانون کے دائرے میں رہ کرکرنا ہے، ہم غورکر رہے ہیں آئینی باڈیز کو ہدایات دے سکتے ہیں یا نہیں ۔

ڈی جی لاء نے بتایا تھا کہ نئی حلقہ بندیوں کے لئے120 دن درکار ہوں گے۔

30 دسمبر کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے ایک رکنی بینچ نے الیکشن کمیشن کی استدعا مسترد کرتے ہوئے 31 دسمبر کو ہی انتخابات کرانے کا حکم دیا تھا مگر عملدآمد نہ ہوسکا۔

عدالتی فیصلے کے خلاف الیکشن کمیشن نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔

Read Comments